سانحہ سیالکوٹ،سری لنکا کی حکومت پاکستان کے اقدامات پر مطمئن ہے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد:سانحہ سیالکوٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سری لنکا کی حکومت پاکستان کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر مطمئن ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سانحہ سیالکوٹ انتہائی تکلیف دہ ہے، جو کچھ ہوا وہ نہیں ہونا چاہئیے تھا۔ کوئی معاشرہ ایسے واقعات کی اجازت نہیں دیتا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سانحہ سیالکوٹ کی تحقیقات جاری ہیں، اس کیس میں 118 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ انہون نے بتایا کہ میری سری لنکن وزیر خارجہ سے بات ہوئی، وزیراعظم کی سری لنکن حکومت سے بات ہوئی، سری لنکن حکومت پاکستانی اقدامات سے مطمئن ہے اور چاہتی ہے کہ ذمہ داروں کو سزا ملے۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہماری بھی یہی کوشش ہے کہ ذمہ داران کٹہرے میں لائے جائیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت کے ساتھ معاشرے کو بھی ذمہ داری اٹھانا ہو گی۔ ہمیں مثر اقدامات کے ذریعے جنونی کیفیت کے سامنے بند باندھنا ہوگا اور اس حوالے سے حکومت اور عوام دونوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ہم سب کو مل کر انتہا پسند سوچ کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ قبل ازیں گذشتہ ہفتے گورنر ہاس پنجاب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ سیالکوٹ کا واقعہ بہت افسوس ناک اور باعث ندامت ہے، اس پر سری لنکا نے پاکستان کے اقدامات اور تحقیقات کو سراہا ہے، واقعے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس واقعے سے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تعلقات میں کوئی کمی نہیں آئے گی، سری لنکا سمجھتا ہے کہ پاکستان بھی اس معاملے میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ حکومت نے واقعہ میں متاثرہ خاندان سے رابطہ کیا، متاثرہ خاندان جیسے چاہے گا ویسے ہی آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے وزیر خارجہ سے رابطہ ہوا ہے، سری لنکا سے ہمارے سفارتی تعلقات خراب نہیں ہوئے۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ سیالکوٹ واقعے پر سب کو دکھ ہوا ہے، واقعے کے ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے، وزیراعظم خود اس کی نگرانی کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں