اے این ایف نے11ملک گیر کاروائیوں کے دوران 1.689 میٹرک ٹن منشیات برآمد کر لی

کوئٹہ:اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نے 11ملک گیر کاروائیوں کے دوران1.689 میٹرک ٹن منشیات برآمد کر لیں جس کی بین الاقوامی مالیت 1.128ارب امریکی ڈالر ہے۔ جبکہ منشیات اسمگلنگ میں ملوث 10 ملزمان کوحراست میں لے لیا اور5گاڑیاں بھی تحویل میں لے لیں۔ برآمد شدہ منشیات میں 1120 کلوگرام مارفین، 315.800 کلوگرام افیون،251.900 کلوگرام چرس اور2کلوگرام ہیروئن شامل ہے۔تفصیلات کے مطابق، اے این ایف کوئٹہ نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران نیلان رودھ، تحصیل مشگیل ضلع خاران میں واقع ایک غیرآباد گھر میں کھڑی ٹیوٹا ہائی لکس ڈبل کیبن گاڑی تحویل میں لیکر اس میں موجود 300 کلو گرام افیون برآمد کر لی۔ دوسری کارروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے کوہِ رودینی، گردی جنگل، ضلع چاغی میں واقع ایک خشک برساتی نالے میں چھپائی گئی 1120 کلو گرام مارفین برآمد کر لی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق برآمد شدہ منشیات کسی دیگر گروہ کے حوالے کرنے کی غرض سے چھپائی گئی تھی۔ اے این ایف لاہور نے ہجویری ٹاؤن، ہربنس پورہ، لاہور کے قریب چھاپے کے دوران لاہور کے رہائشی محمد اسامہ نامی ملزم کے قبضے سے 500 گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔اے این ایف پشاور نے ایف سی خیبر پختوخوا (خیبر رائفلز) کے ساتھ مشترکہ کارروائی کے دوران بگیاڑی چیک پوسٹ کے قریب ایک ٹیوٹا کرولا کر کو روک کر دوران تلاشی گاڑی سے 4.8 کلو گرام افیون برآمد کر کے عشرت خان نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔ دوسری کارروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے ایف سی خیبرپختونخوا، 161 ونگ، محسود سکاؤٹس کے اشتراک سے نالا چیک پوسٹ کے قریب ایک ایف ایکس گاڑی کو روک کر دوران تلاشی گاڑی سے 2 کلو گرام چرس برآمد کر کے خیبر کے رہائشی حضرت نور نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔تیسری کارروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے ایف سی خیبرپختونخوا، 161 ونگ، محسود سکاؤٹس کے اشتراک سے نالا چیک پوسٹ کے قریب خیبر کے رہائشی محمد صابر خان اور بخت منیر نامی دو ملزمان کے قبضے سے بالترتیب 3 کلو گرام چرس اور 1 کلو گرام چرس برآمد کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔چوتھی کارروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے ایف سی خیبر پختونخوا، 143 ونگ، خیبر رائفلز کے اشتراک سے خیبر کے رہائشی زاء اللہ نامی ملزم کے قبضے سے 2 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔پانچویں کارروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے تودہ مالا نالا، نزد المحسود، ضلع خیبر کے قریب چھاپہ مار کر وہاں سے 4.8 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔ چھٹی کارروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے ایف سی خیبرپختونخوا، 161 ونگ، محسود سکاؤٹس کے اشتراک سے خیبر کے رہائشی عدنان خان نامی ملزم کے قبضے سے 1 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔اے این ایف کراچی نے حب ریور روڈ ٹول پلازہ، کراچی کے قریب کارروائی کے دوران ایک منی ٹرک کو روک کر دوران تلاشی ٹرک سے 239.600 کلو گرام چرس برآمد کر کے زیارت کے رہائشی عبداللہ جان نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔دوسری کارروائی کے دوران اے این ایف کراچی نے انڈس ہائی وے، جامشورو پر واقع پٹارو ٹول پلازہ کے قریب ایک ٹویٹا کرولا کار کو روک کر دوران تلاشی گاڑی سے 11کلو گرام افیون برآمد کر کے سانگڑھ کے رہائشی بسم اللہ اور قمبر شہداد کوٹ کے رہائشی غلام مصطفی نامی 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تمام مقدمات انسداد منشیات ایکٹ کے تحت اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں