ن لیگی قیادت شریف نہیں ڈبل شریف ہے، گورنر سندھ

کراچی:گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ ہر دور میں ڈبل شاہ ایک نیا روپ لے کر آتا ہے، یہ لوگ شریف نہیں ڈبل شریف ہیں، ایک شریف لندن میں بیماری کے نام پر بیٹھ کر منصوبے بنا رہا ہے تو دوسرا شریف پاکستان میں حساب دینے کے بجائے ہم سے حساب مانگ رہا ہے۔گورنر ہاؤس میں ہفتہ 18 دسمبر کو ترجمان وزارت خزانہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ن لیگی قیادت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ شريف خاندان نے ملازمين کے اکاونٹ سے منی لانڈرنگ کی، انہوں نے ملازمین سے لیکر ٹھیلے والے تک کے نام پر پیسے منتقل کیے، منی لانڈرنگ میں ان کے بیٹے بھی ان کے ساتھ ملوث ہیں، ان کے اکاؤنٹس سے 17000 ٹرانزیکشنز پکڑی گئی ہیں۔گورنر سندھ کے مطابق جب تک کرپشن کو صاف نہيں کريں گے تباہی ہوتی رہے گی، شريف خاندان کو سزا دلانے کيلئے جہاں تک ممکن ہوگا جائيں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ قوم کو غلط راستہ دکھانا ان کا شيوہ ہے، شريفوں کا جو دھندا ہے اسے کيفرکردار تک لے کر جائيں گے،ايف آئی اے چالان سے پتا چلتا ہے کہ 16 ارب کی منی لانڈرنگ ہوئی، یہ لوگ ملکر ملک کو لوٹتے ہیں اور جب ان پر دباؤ آتا ہے تو يہ ايک ہوجاتے ہيں۔

عمران اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ ایک شریف دوائی لینے لندن گئے، آج تک واپس نہیں آئے، چپڑاسی گلزار احمد کے اکاؤنٹس سے 50 لاکھ روپے کی ٹرانزیکشن ہوئی، یہ لوگ قوم کو چمک دکھا کر اپنا کام کر جاتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں