‘غریب عوام کیلئے انصاف کی مفت فراہمی کا پروگرام شروع کیا جارہا ہے’وزیر اعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے احساس انڈر گریجویٹ اسکالر شپ پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پروگرام کے تحت 119 سرکاری جامعات میں 50ہزار اسکالرشپ دی جائیں گی۔ پروگرام میں خواتین کے لے 50فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے، کمزور طبقے کا احساس ہی ریاست مدینہ کا بنیادی اصول تھا۔ غریب کا احساس کرنے والا معاشرہ ہی مہذب کہلاتا ہے، میں اس پروگرام سے بہت خوش ہوں کیوں کہ میرا روڈ میپ ریاست مدینہ کا ماڈل ہے جو پوری دنیا کے لیے بہترین ہے، یہ پروگرام نوجوانوں کو اچھی زندگی گزارنے کے لیے مہارتیں سیکھنے میں مدد فراہم کرے گا،ہنر مند پروگرام اور ہیلتھ کارڈ کا مقصد غریب طبقے کوسہولیات فراہم کرنا ہے۔ پنجاب میں 60لاکھ خاندانوں کو صحت کارڈ دے چکے ہیں۔احساس انڈر گریجوٹ وظائف کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسانی معاشرہ ان لوگوں کا خاص طورپر خیال رکھتا ہے جو پیچھے رہ جائیں اور اصل معاشرے کی پہچان اس کے غریب لوگ ہوتے ہیں کہ وہ کیسے رہتے ہیں، مدینہ کی ریاست میں نبی اکرمؐ نے کمزور طبقے کی ذمہ داری لی جبکہ ریاست مدینہ بہت کمزور تھی اس وقت مدینہ کی ریاست کے پاس نہ پیسہ تھا اور نہ ہی وسائل تھے مگران کے پاس احساس تھا اور انہوں نے ارادہ کیا کہ ہم کمزور طبقے کو سب سے پہلے اوپر لائیں گے۔انہوں نے کہاکہ دو چیز یہ ہے کہ جب جنگ بدر ہوئی اور قیدی پکڑے گئے تو اس وقت حضوراکرمؐ نے فرمایا کہ جو بھی قیدی 10مسلمانوں کو پڑھا لکھا دے گا اس کو آزادی مل جائے گی، اس سوچ کی وجہ سے ریاست مدینہ نے ترقی کی۔وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے ملک میں ایک چھوٹے سے طبقے نے وسائل پر قبضہ کیے رکھا اور چھوٹے سے طبقے کو اچھی تعلیم ملتی ہے جبکہ غریب طبقے کے لئے الگ نظام تعلیم رکھا گیا ہے جو غریب کو اوپر نہیں جانے دیتا۔انہوں نے کہاکہ نظریہ پاکستان یہ ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ جو معاشرے میں پیچھے رہ گئے ہیں ان لوگوں کو آگے لائیں، جن طالب علموں کے پاس وسائل نہیں ہیں ہم ان کے لئے سکالر شپ پروگرام دے رہے ہیں اور ہر سال ان کو سکالر شپس دینگے جیسے جیسے وسائل بڑھتے جائیں گے ہم سکالرشپس بھی بڑھاتے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ فنڈز کی فکر نہ کریں یہ فنڈز بھی بڑھتے جائیں گے اور ہماری نوجوان نسل پر یہ فنڈز خرچ کریں گے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جب طالب علموں کو ہم سکالر شپ دینگے تو وہ اپنے خاندانوں کو اوپر لے جائیں گے جس خاندانوں میں تبدیلی آئے گی اور جب خاندان تبدیل ہو گا تو پھر ملک خود بخود اوپر جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ 70ہزار بچوں کو ہم ہنر سیکھا رہے ہیں، یہ بچے آنیوالے سالوں میں پاکستان کو اوپر لے جائیں گے، پاکستان کے پاس بہت وسائل ہیں، ہمارا ملک بہت ذرخیز ہے کیونکہ پاکستان کے پاس 12موسم ہیں، ہمارے ملک میں بہت زیادہ گیس ہے جسے نکالنے کیلئے ہمیں ہنر مند نوجوان چاہئیں۔انہوں نے کہاکہ ہنر مند پروگرام کے ذریعے ہم اپنی نوجوان نسل کو اوپر لے کرجارہے ہیں اس کے علاوہ ہیلتھ کارڈز پروگرام بہت اچھا ہے جس پر مجھے بہت خوشی ہے، ہم 60لاکھ خاندانوں کو یہ کارڈز دے چکے ہیں اور مزید لوگوں کو دینگے، کے پی کے حکومت تقریبا سب خاندانوں کو یہ کارڈز دے گی، ہم مزید پناہ گاہیں بنارہے ہیں جن میں لوگوں کو رہائش، ناشتہ اور کھانا مفت ملے گا۔انہوں نے کہاکہ غریب لوگوں کے پاس عدالت میں جانے کیلئے وکیل کے پیسے نہیں ہوتے ہم یہ مسئلہ بھی حل کرنے جارہے ہیں اور قانون بنا رہے ہیں کہ غریب کو وکیل ریاست فراہم کرے گی۔انہوں نے کہاکہ ہم نے غریب اور بیوہ خواتین میں گائے، بھینسیں اور مرغیاں تقسیم کیں، اس کے علاوہ ہم غریب اور بے روزگار لوگوں کو رکشے بھی دینگے تاکہ ان کا روز گار چل سکے۔ایسے بہت سے پروگرام چل رہے ہیں جو سب میرٹ پر ہوگا، اس میں کسی کو سفارش کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ یہ سب میرٹ پر ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں