وزیراعلیٰ کی حکومت کی کارکردگی کو اجاگر کرنے کیلئے یوٹیوب چینل کی لانچنگ کی ہدایت

کوئٹہ:وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے صوبائی حکومت کی کارکردگی کو اخبارات، الیکٹرونک میڈیا اور شوشل میڈیا کے ذریعہ موثر طور پر اجاگر کرنے، محکمہ اطلاعات کے یوٹیوب چینل کی لانچنگ اور محکمہ اطلاعات میں مہارت پر مبنی اسامیاں تخلیق کرنے کی ہدایت کی ہے، وزیراعلی محکمہ اطلاعات کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں سیکریٹری محکمہ اطلاعات شاہ عرفان غرشین نے محکمانہ امور اور کارکردگی پر بریفنگ دی، چیف سیکریٹری بلوچستان فضیل اصغر حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی، اسپیشل سیکریٹری فنانس لعل جان جعفر اور ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشن شہزادہ فرحت نے بھی اجلاس میں شرکت کی، وزیراعلی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے گذشتہ 18ماہ کی مدت میں کئی ایک کامیابیاں حاصل کی ہیں جنہیں عوام میں اجاگر کرنے کی ضرورت ہے جو محکمہ اطلاعات کی ذ مہ داری ہے، وزیراعلی نے محکمہ اطلاعات کے ڈویژنل اور ضلعی دفاتر کو بھرپور طریقے سے فعال بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محکمے کے افسران ضلع اور ڈویژن کی سطح پر جاری ترقیاتی منصوبوں کی مناسب تشہیر کریں، انہوں نے کہا کہ موجودہ اور آنے والا دور سوشل میڈیا کا ہے لہذا اس شعبہ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لئے مہارت اور جدت کی ضرورت ہے، یوٹیوب انسٹا گرام، فیس بک اور واٹس اپ اطلاعات کی منتقلی کے تیز ترین ذرائع ہیں جو کارکردگی کو دنیا کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک اجاگر کرنے کی سہولت فراہم کرتے ہیں، وزیراعلی نے محکمے کے افسران کو تربیت کی فراہمی کے ذریعہ انٹرنیٹ کے استعمال کی مہارت کی فراہمی اور حکومت بلوچستان کی ایف ایم ریڈیو کے آغاز کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی،وزیراعلی نے اخبارات کو اشتہارات کی تقسیم کے طریقہ کار کو بہتر بنانے اور معیاری مقامی اخبارات کی حوصلہ افزائی کرنے کی ہدایت بھی کی، اس موقع پر اجلاس کو محکمہ اطلاعات کی جانب سے نصیرآباد اور سبی ڈویژن کے اضلاع میں مختلف شعبوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تیار کی گئی، ویڈیو بھی دکھائی گئی، وزیراعلی نے محکمے کی کاوش کو سراہا

اپنا تبصرہ بھیجیں