محمد حفیظ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیے مزید کھیلنا چاہتے تھے، شاہد آفریدی

لاہور:قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سٹار آل رانڈر محمد حفیظ کی ریٹائرمنٹ سے متعلق اہم انکشاف کردیا۔ سٹار آل رانڈر شاہد آفریدی نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کے دوران محمد حفیظ کی ریٹائرمنٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ میں محمد حفیظ کا بیان سن رہا تھا، ان کے رویے سے واضح تھا کہ وہ جلد ریٹائرمنٹ لینے کے بجائے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے مزید کھیلنا چاہتے تھے۔شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)اور کھلاڑیوں کے درمیان رابطے میں فرق پر بات کرتا ہوں اور مجھے لگتا ہے کہ بالکل ایسا ہی محمد حفیظ کے ساتھ ہوا ہے تاہم خوشی اس بات کی ہے کہ حفیظ نے اپنی ریٹائرمنٹ کے معاملے کو کسی بڑے تنازع میں تبدیل نہیں کیا۔شاہد آفریدی نے دوران گفتگو محمد حفیظ کے شاندار کرکٹ کیریئر کا بھی اعتراف کیا اور ان کے اہل خانہ سمیت والدین کو مبارکباد بھی دی۔واضح رہے کہ محمد حفیظ نے گزشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ 41 سالہ محمد حفیظ نے پاکستان کیلئے 2003 سے 2021 کے دوران 392 بین الااقومی میچو ں میں 12789 رنز 21 سنچریوں 64 نصف سنچریوں کی مدد سے بنائے، حفیظ نے ٹیسٹ کیرئیر میں 3652 رنز سکور کیے اور 53 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ون ڈے اور ٹی20 انٹرنیشنل میں انہوں نے 6614 رنز بنائے جبکہ 139 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔ محمد حفیظ نے 160 کیچ لینے کے ساتھ بطور آف بریک بولر 253 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں