ماہ رمضان میں مہنگائی پر قابو پانے کیلئے حکومتی سطح پر اقدامات اٹھائے جائیں،علی مددجتک

کوئٹہ:پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر میر حاجی علی مدد جتک نے کہاہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے تمام طبقات متاثر ہیں اس لئے حکومت اور مخیر حضرات غریب ومستحق عوام کیلئے میدان میں آکر ان کی مالی معاونت کریں،ماہ رمضان میں مہنگائی پر قابو پانے کیلئے حکومتی سطح پر اقدامات اٹھائے جائیں،وفاقی حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کرکے خود کورونا وائرس کو پھیلنے کاسامان کیاہے۔ڈاکٹروں کی پریس کانفرنس پر حکومت غور کریں اور جو خدشات رکھے گئے ہیں حکومت فوری طورپر اس سلسلے میں اقدامات اٹھائیں،ڈبلیو ایچ او نے بھی ماہ مئی کے چار ہفتوں کو اہم ترین قراردیاہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پرمختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ میر حاجی علی مدد جتک نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی نے سندھ میں کورونا وائرس کی وباء کے پھیلاؤ کوروکنے کیلئے کراچی سمیت سندھ میں لاک ڈاؤن پر سختی سے عملدرآمد کرایا جس کی وجہ سے شروع دن میں کیسز کی تعداد میں اضافہ نہیں ہواجب سے وفاقی حکومت نے بعض شعبوں میں نرمی کے احکامات دئیے ہیں تب سے کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوتاجارہاہے،ڈبلیو ایچ او اور ملک بھر کے ڈاکٹروں نے ماہ مئی کے چار ہفتوں کو اہم قراردیتے ہوئے لاک ڈاؤن کو مزید سخت کرنے کے مطالبات کئے جارہے ہیں مگر وفاقی حکومت کی جانب سے تاحال اس معاملے پر غور نہیں کیاجارہا جس کی وجہ سے صورتحال گھمبیر ہوتی جارہی ہے،وفاقی حکومت کوچاہیے کہ وہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ڈاکٹروں کے خدشات کومدنظررکھتے ہوئے اقدامات اٹھائیں تاکہ عوام کو اس حوالے سے مشکلات کاسامنا نہ ہو،انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت شروع دن سے حکومت سندھ پر تنقید کررہی ہے مگر سندھ حکومت صرف اور صرف عوام کو اس وباء سے محفوظ رکھنے کیلئے جدوجہد کررہی ہے،انہوں نے کہاکہ اگر ملک میں کورونا وائرس کے حوالے سے کیسز میں اضافہ ہوا تو تمام تر ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں