بلوچستان میں تخریبی کرروائیوں کے پیچھے گہری سازش ہے، فواد چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں عمران خان کے آگے ڈھیر ہیں، بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں کے پیچھے سازش ہے تاہم پاکستان کو توڑنے کی کوشش ناکام ہو گی اور ایک ایک خون کے قطرے کا حساب لیں گے، پاکستان درست سمت میں جا رہا ہے اور ہم نے معیشت کو بہتر کیا جبکہ نواز شریف اینڈ کمپنی نے ملکی معیشت کا برا حال کیا اور اسحاق ڈار اینڈ کمپنی نے بھی ملکی معیشت کا بیڑا غرق کیا، ہماری صنعتیں آج بحال ہیں اور اب ملکی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے، یہ ملک مریم نواز اور بلاول بھٹو کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں کے پیچھے گہری سازش ہے۔ ہمارے جوانون کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا پہلے بھی دشمنوں کو ناکوں چنے چبوائے تھے، اب بھی پوری طرح تیار ہیں۔ انہوں نے کہا عمران خان کے آگے اپوزیشن کی تمام جماعتیں مل کر بھی ڈھیر ہیں، تمام سیاسی جماعتوں میں عمران خان کے قد کا کوئی لیڈر نہیں۔ انہوں نے کہا ملک بلاول اور مریم کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا ن لیگ اور اپوزیشن کی دیگر جماعتیں چوں چوں کا مربع ہے، جس طرح انہیں سینیٹ میں شکست ہوئی یہی سلسلہ آگے بھی نظر آتا رہے گا۔ مریم اور بلاول کا قد نہیں کہ وہ قومی لیڈر بن سکیں، انہیں چاہئے کہ وہ پہلے میئر کا الیکشن لڑیں۔ انہوں نے کہا ن لیگ کے اندر بھی تبدیلی کی بحث چل رہی ہے، ن لیگ کے لوگ بھی چاہتے ہیں کہ شریف فیملی کی جگہ نئے لوگوں کو آنا چاہئے۔ ایسی بحث پی پی پی کے اندر بھی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا بلاول اور مریم اگر پراسیس کے ذریعے اوپر آئیں گے تو ان کا حق ہے، اس کے بغیر اوپر آئیں گے تو یہ زیادتی ہوگی، اپوزیشن جماعتوں کی نہ پارلیمان کے اندر اور نہ باہر کوئی قدر ہے۔ انہوں نے حکومت کے خلاف ساتویں مرتبہ تحریک چلانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا اپوزیشن کو مولانا فضل الرحمان کے مدرسوں کے بچوں پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا مولانا فضل الرحمان کی مدرسوں کے بچوں کو سیاست میں استعمال کرنے کی ریت بہت پرانی ہے۔ ان بچوں کی بنیاد پر وہ حکومت کے خلاف تحریک چلا لیں گے تو ایسا ممکن نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں