آصف زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

اسلام آباد:پارک لین ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کر لی گئی، احتساب عدالت 25 مارچ کو ملزمان پر فرد جرم عائد کرے گی۔احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے پارک لین ریفرنس پر سماعت کی، فریال تالپور عدالت میں پیش ہوئیں جبکہ آصف زرداری کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔ درخواست میں کہا گیا کہ آصف زرداری بیماری کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔سماعت کے دوران احتساب عدالت کے جج نے استفسار کیا کہ مرکزی ملزم کا کیا بنا جس پر پراسیکیوٹر نیب کا کہنا تھا کہ 2 ملین کے اخراجات کی درخواست موصول ہوئی ہے، ملزم گرفتار ہے، ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کی جائے، ویڈیو لنک کے لیے جیل حکام سمیت متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی جائیں۔جج اعظم خان نے کہا کہ اس حوالے سے تحریری درخواست دے دیں۔ سماعت کے دوران سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ ویڈیو لنک پر بیان اتنا آسان نہیں، حکومت کی جانب سے صوبائی حکومت کو لکھا جائے گا، میمو کیس میں بھی ملزم کا بیان ویڈیو لنک پر لیا گیا، جنرل مشرف نے بھی بیان ویڈیو لنک پر دیا تھا، یہاں سے کوئی نہیں گیا تھا۔احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے کہا کہ اس کو لیگل کور کیسے دیں گے، کیا ویڈیو لنک پر بیان کیلئے عدالت اپنا نمائندہ بھجوائے گی جس پر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ جی رجسٹرار عدالت کو بھجوایا جا سکتا یے۔ سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ پلی بارگین کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، مختلف کیسز میں واجبات کی ادائیگی کا طریقہ کار طے کر لیا گیا ہے۔عدالت نے پارک لین ریفرینس میں ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے 25 مارچ کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں