اسلام آباد ہائی کورٹ نے مل مالکان سے ڈیلی ویجز ملازمین کو نہ نکالنے کی ضمانت طلب کر لی

اسلام آباد:اسلام آبادہائیکورٹ نے مقامی ٹیکسٹائل مل کی بجلی کا بل اقساط میں جمع کرانے کی درخواست پرسماعت کے دوران مل مالکان سے ڈیلی ویجز ملازمین کو نہ نکالنے کی ضمانت طلب کرلی،عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ مطمئن کریں لاک ڈاوَن کے دوران ملازمین کو نہیں نکالیں گے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں مقامی ٹیکسٹائل مل کی بجلی کا بل اقساط میں جمع کرانے کی درخواست پر سماعت ہوئی،چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں بنچ نے سماعت کی،درخواست گزار کی جانب سے وکیل کمال حسن اور ماجد جہانگیر عدالت میں پیش ہوئے،وکیل ٹیکسٹائل ملز نے کہاکہ سیمنٹ فیکٹری کے کیس میں بھی عدالت نے یہی ریلیف دیا ہے،لاک ڈاؤن کے باعث بجلی کا بل اقساط میں جمع کرانا چاہتے ہیں۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے وکیل سے استفسارکیا کہ مل کے ڈیلی ویجز ملازمین کی لسٹ کہاں ہے؟،پہلے مطمئن کریں کہ لاک ڈاوَن کے دوران کسی ملازم کو نہیں نکالیں گے،وکیل ٹیکسٹائل مل نے استدعا کی کہ آج بل جمع کرانے کی آخری تاریخ ہے آج ہی ریلیف چاہیے، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ آج کچھ نہیں کر رہے پہلے مطمئن کریں پھر اس معاملے کو دیکھ لیں گے،مقامی ٹیکسٹائل مل کی بجلی کا بل اقساط میں جمع کرانے سے متعلق کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں