کورونا وائرس،سندھ حکومت نے 118بستروں پر مشتمل 9 آئسولیشن وارڈ قائم کردئیے

کراچی:سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے باعث 118بستروں پر مشتمل 9 آئسولیشن وارڈ قائم کردئیے۔ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ عبدالرشید چنا کے مطابق سندھ کابینہ نے انڈس ہسپتال کے ساتھ ایم او یو سائن کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ سندھ حکومت نے 100 ملین روپے کورونا وائرس ایمرجنسی ریلیف فنڈ جاری کیا ہے اور ساتھ ہی صوبے میں 118بستروں پر مشتمل 9 آئسولیشن وارڈ قائم کیے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے 5 ہزار ٹیسٹنگ کٹس منگوالی ہیں جن سے ان لوگوں کا ٹیسٹ کیا جائیگا جنہوں نے ایران اور چین کا سفر کیا ہوگا، یا جو شخص ان کے ساتھ رہا ہو جس نے وہاں کا سفر کیا ہو یا جن میں وائرس کی علامات ہوں۔ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق ایران سے آنے والے 2301 لوگوں کو شناخت کیا گیا ہے، 900 پاکستانی ابھی تک ایران میں ہیں واضح رہے کہ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے 5 کیس سامنے آئے ہیں جن میں سے 2 کا تعلق کراچی سے ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں