ایرانی تیل کا کاروبار،ٹوکن سسٹم ختم کیا جائے،عارف محمد حسنی

دالبندین:سابق صوبائی وزیر اور ایم پی اے چاغی میر محمدعارف محمدحسنی نے ایران تیل کا کاروبار ٹوکن کی بجائے آزادانہ طور پر کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ چاغی سمیت قریبی اضلاع کے لاکھوں خاندانوں کا روزگار تیل کاروبار سے وابستہ ہے جبکہ ہزاروں گاڑیاں اس کام میں لگے ہیں لیکن حالیہ عرصے میں اس کاروبار کو ٹوکن سسٹم سے منسلک کرکے تیل کمیٹیاں بنائی جارہی ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف یہ سرحدی کاروبار محدود ہوگا بلکہ پسند نا پسند اور سفارش کلچر کی وجہ سے غریبوں کی روزی روٹی بند ہوگی اور سیاسی تعصب پھیلے گی۔ انہوں نے کہا کہ جودر بارڈر سے چاغی کے گاڑی مالکان کو تیل لے جانے کی اجازت نہ دینا بھی نامناسب فیصلہ ہے جو ہمیں قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹی گاڑیوں کو راجے اور جودر سے تیل لے جانے کی اجازت دے کر ٹوکن سسٹم کی بجائے آزادانہ کام کرنے دیا جائے تاہم بہتر نظم و ضبط قائم رکھنے کے لیے گاڑیوں کو نمبر وائز آنے جانے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کور کمانڈر بلوچستان اور آئی جی ایف سی ساتھ بلوچستان سے درج بالا مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرکے عملدرآمد کرنے کا مطالبہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں