اس وقت ہمیں ثابت قدم رہنا ہو گا‘ یوکرینی صدر
کیف : یوکرینی صدر ولادیمیر زیلینسکی نے کہا ہے کہ دشمن اپنے تمام وسائل کا استعمال کر کے ہماری مزاحمت توڑنے کی کوشش کرے گا‘یہ وقت بہت مشکل ہے‘ یوکرین کے مستقبل کا فیصلہ ابھی اور اسی وقت ہونے والا ہے‘ اس وقت ہمیں ثابت قدم رہنا ہو گا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرینی صدر زیلنسکی نے رات گئے جذباتی خطاب کرتے ہوئے کہا روس چند گھنٹوں میں دارالحکومت کیف پر حملہ آور ہو جائے گا۔ دشمن اپنے تمام وسائل کا استعمال کر کے ہماری مزاحمت توڑنے کی کوشش کرے گا۔ وقت ہمیں ثابت قدم رہنا ہو گا۔دوسری جانب ترجمان یوکرینی صدر نے امن کی امید بھی دلادی، کہا روس اور یوکرین امن مذاکرات کیلئے جگہ اور وقت کا تعین کر رہے ہیں۔قبل ازیں ولادیمیر زیلینسکی کا کہنا تھا نیٹو نے خود کو بچانے کیلئے ہمیں تنہا چھوڑ دیا۔ سب ڈرے ہوئے ہیں، ہمارے لیے جنگ میں جانے کو کوئی تیار نہیں۔ یوکرینی صدر نے یوکرائن میں 60 سال تک کے شہریوں کو فوج میں شامل ہونے کا حکم بھی دیدیا ہے۔ دوسری جانب یوکرینی حکومت نے شہریوں سے روسی فوج سے لڑنے کی اپیل کر دی۔ یوکرین نے روسی فوج سے لڑنے کیلئے اپنے عوام کو میدان میں اتار دیا۔ شہریوں میں اسلحے کی تقسیم جاری ہے۔ 18 ہزار سے زائد مشین گنز یوکرینی شہریوں کو دے دی گئیں۔ مزید اسلحہ دینے کا بھی اعلان کیا گیا۔ حکام نے شہریوں کے نام پیغام میں کہا پٹرول بموں، بندوقوں سمیت ہر ممکن طریقے سے روسی فوج کے ساتھ لڑیں۔دوسری جانب یوکرین میں انسانی المیہ جنم لینے لگا۔ اے ٹی ایمز کے باہر لوگوں کا رش اور اسپتالوں میں فرش پر علاج ہونے لگا۔ مرد و خواتین شہر چھوڑنے کے لئے بے چین ہیں۔


