فردوس شمیم کا سندھ حکومت کا کووڈ 19 آرڈیننس چیلنج کرنے کا اعلان


کراچی:سندھ اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف اور پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے سندھ حکومت کا منظور کردہ آرڈیننس عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کیاہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 آرڈیننس کی بھرپور مذمت کرتا ہوں، بغیر سوچے سمجھے اس قسم کی قانون سازی پہلی بار دیکھ رہا ہوں۔فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ یہ آرڈیننس انصاف کے اصولوں کے خلاف ہے، یہ قانون سازی صرف تالیاں بجوانے کے لیے ہے، اس پر عمل کرانا بہت مشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت بجلی اور گیس کے بلوں میں رعایت دینے کی قانونی طور پر اہل نہیں، وفاق کے ماتحت آنے والے اداروں کے حوالے سے حکومت کیسے فیصلہ کر سکتی ہے۔سندھ اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف نے کہا کہ اس قانون سازی سے 80 فیصد وفاق متاثرہوگا اور اس کا سہرا سندھ حکومت اپنے سر سجا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ لاک ڈاون کے دوران جب ادارے کمائیں گے نہیں تو اپنے ملازمین کو تنخواہیں کیسے دیں گے؟۔فردوس شمیم نقوی نے کہاکہ سائیں سرکار نے دوسرے کے مال پر یا حسین کہنا آصف علی زرداری سے سیکھا ہے۔