کورونا وائرس کے کیسز چھپانے کی باتیں غلط ہیں، ڈاکٹر ظفر مرزا

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں کورونا وائرس کے کیسز چھپانے کی باتوں کو یکسر مسترد کردیا جب کہ ساتھ ہی انہوں نے کہاکہ وائرس کے باعث اسکول بند کرنے کا فیصلہ صوبائی حکومت کا ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہاکہ ڈینگی سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی شروع کردی اور ڈینگی سمیت دیگر بیماریوں سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر ایک پروگرام لارہے ہیں۔کورونا وائرس سے متعلق معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وائرس کے کیسز چھپانے کی بات 100 فیصد غلط ہے جب کہ وائرس کے باعث اسکول بند کرنے کا فیصلہ صوبائی حکومت کا ہے، ہم نے اسکول بند کرنے کی تجویز نہیں دی، اسلام آباد اور اس سے ملحقہ علاقوں میں اسکول بند نہیں کیے گئے۔انہوں نے اپیل کی کہ عوام خوف نہ پھیلائیں اور بلا ضرورت ماسک کے پیچھے نہ بھاگیں،کوئی غیر ضروری چیز نہ کریں، اگر آپ چین یا وباء سے متاثرہ ملک سے واپس آئے ہیں تو اپنے آپ پر نظر رکھیں، 14 دن میں اگر کوئی علامت نظر آئے تو 1166 پر رابطہ کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں