حکومتی سطح پر اساتذہ کے وقار کی بحالی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے: یار محمد رند

کوئٹہ:صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ صوبے میں نجی تعلیمی اداروں کی خدمات کا اعتراف ہے۔ صوبے میں شرح خواندگی میں اضافے اور معیاری تعلیم کی فراہمی کیلیے انکے اقدامات کو سراہتے ہیں۔ تدریس کا شعبہ بہت مہذب اور قابل فخر شعبہ ہے حکومتی سطح پر اساتذہ کے وقار کی بحالی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نجی تعلیمی اداروں کو وسیلہ روزگار اور تعلیم کے شعبے کو تجارت نہیں بننے دیں گے۔ ایسے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جہاں غریبوں کے بچے اور بچیاں مناسب فیسوں پر پڑھ سکیں۔ عدالت عالیہ کے احکامات اور حکومت کے بلوچستان ہدایات کی روشنی میں ایسے تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی جو قوائد و ضوابط اور قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی سکولوں کے نمائندہ وفد بلوچستان پرائیویٹ سکولز گرینڈ الائنس سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں سیکرٹری ثانوی تعلیم غلام علی بلوچ بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں