وفاقی حکومت میڈیا کو دبانے سے باز آ جائے،بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد:پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزادی صحافت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وفاقی حکومت میڈیا کو دبانے اور اسے پروپیگنڈا کی ذاتی مشین بنانے والی کوششوں سے باز آ جائے۔ اتوار کو اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ مذکورہ کوششوں کا مقصد میڈیا کو اپنے مخالفین پر جبر کیلئے ایک آلے کے طور استعمال کرنا ہے،تحریک انصاف کی فسطائیانہ حکومت کے دوران پریس کی آزادی کی سالانہ درجہ بندی میں پاکستان کی تنزلی ہوئی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پاکستان میں صحافیوں نے آزادی صحافت کے لئے بڑی قربانیاں دیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ آزادیِ اظہارِ رائے کی ہر جدوجہد میں پیپلز پارٹی ہمیشہ صحافی برادری کے شانہ بشانہ کھڑی رہی، آئندہ بھی رہے گی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ہم پریس کی آزادی اور غیرجانبدار و بیباک صحافت کے لیئے جدوجہد کر رہے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ حکومت میں آنے کے بعد سابق وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جانب سے اٹھائے گئے اولین اقدامات میں سے ایک تمام آمرانہ کالے قوانین کا خاتمہ تھا۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت پہلے ہی دن سے میڈیا کی آزادی پر حملے کر رہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ موجودہ حکومت کے ناقدین کے ٹی وی شوز زبردستی بند کردیئے گئے اور متعدد کو نکال دیا گیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پیپلز پارٹی صحافی برادری کے ساتھ مل کر صحافت کی آزادی، صحافی برادری کے تحفظ اور ان کے تقدس کے لیئے جدوجہد جاری رکھے گی۔


