پی ٹی آئی لانگ مارچ، پنجاب بھر میں موبائل فون سروس بند کرینکا فیصلہ
لاہور (انتخاب نیوز) حکومت نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو روکنے کیلیے پنجاب بھر میں جزوی طور پر موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 25 مئی کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کیا جائے گا جسے روکنے کیلیے لاہور سے اسلام آباد جانے والے تمام راستے سیل کردئیے گئے ہیں۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے پیش نظر پنجاب بھر میں جزوی طور پر موبائل فون سروس بند کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ صوبے بھر میں 350 مقامات پر موبائل فون سروس بند کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو موبائل فون سروس بند کرنے کے حوالے سے بریفنگ دی، جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے لاہور کے 20 اور پنجاب کے 350 مقامات پر موبائل فون سروس بند کر نے کی منظوری دے دی۔ ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ روکنے کیلئے اسلام آباد، پنجاب اور سندھ میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے اور لاہور سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد جانے والے تمام راستے سیل کردئیے گئے ہیں۔


