بلدیاتی انتخابات میں جمعیت کی کامیابی عوام کی کامیابی ہے، مولانا واسع

کوئٹہ (انتخاب نیوز) جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر و وفاقی وزیر ہاسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے کہا ہے عمران نیازی سیاسی ساکھ بچانے کیلئے اداروں کو بدنام کر رہا ہے، انتخابات وقت پر ہوں گے عمران نیازی کے دھمکیوں سے نہیں ڈرتے، وقت آنے پر حساب دینا ہوگا بلدیاتی انتخابات میں جمعیت کی کامیابی عوام کی کامیابی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علماء اسلام کے کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی پشاور میں بیٹھ کر وفاق کے خلاف صوبائی حکومت کے وسائل استعمال کررہا ہے۔ وفاق کیخلاف احتجاج کیلئے صوبائی حکومت کا ہیلی کاپٹر استعمال کیا جارہا ہے۔جمعیت علما اسلام کو کل بھی عوام کی فکر تھی اور آج بھی عوام ہی کی فکر ہے۔ جو سازشیں ہورہی ہیں یہ جمہوریت کے خلاف ہیں۔ پچھلے الیکشن میں منڈیٹ چوری کرنے کے نتیجے میں ملک کی جو بربادی ہوئی اسکی مثال نہیں ملتی۔ عمران نیازی واحد بندہ ہے جسکی غیر جمہوری حکومت کو جمہوری طریقے سے ہٹایا گیا ہے۔ بتایا جائے کہ عمران نیازی کیوں احتساب سے مبرا اور مقدس گائے ہے؟ پی ٹی آئی کے خلاف جو کرپشن کے کیسز آرہے ہیں اس پر خاموش نہیں ہونا چاہیے، پنجاب میں گوگی اور پختونخوا میں گو گو کے ذریعے کرپشن کے ریکارڈ قائم کئے گئے ہیں۔ بی آر ٹی، مالم جبہ، بلین ٹری سونامی اور ایم ٹی آئی ایکٹ کے تحت جو گھپلے ہوئے ہیں ان کو بے نقاب کرنا ہوگا۔ پختونخوا اور پنجاب میں کرپشن کی سرغنہ پنکی پیرنی کے کارناموں کی کہانیاں عام ہیں۔ آئندہ عام انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے، قبل از وقت انتخابات محض افواہیں ہیں۔ انہوں نے صوبہ کے 32اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں جمعیت کی کامیابی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان جمعیت علما اسلام کا گڑھ ہے اور آئندہ انتخابات میں جمعیت کامیابی حاصل کرینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں