عمران خان کے عزائم ایک دہشت گرد جیسے ہیں، مریم نواز
راولپنڈی (انتخاب نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کے عزائم ایک دہشت گرد جیسے ہیں، وہ بھی اسی طرح ہتھیاروں کے ساتھ حملہ آور ہوتے ہیں اور میں پورے وثوق کے ساتھ کہہ سکتی ہوں کہ یہ جہاد نہیں فساد ہے اور اس فساد کو روکنا عین جہاد ہے۔ مری میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ آج پاکستان جس قسم کے حالات سے دوچار ہے اس میں ہم کس جماعت سے تعلق رکھتے ہیں اس سے قطع نظر ہماری پاکستانیت اور حب الوطنی ہم سب کو آواز دے رہی ہے، ہمارا ملک ہم سب کو آواز دے رہا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ عمران خان جگہ جگہ بارودی سرنگیں بچھا گیا ہے اور یہ حکومت پوری کوشش کر رہی ہے اور کڑوا گھونٹ پینا پڑ رہا ہے، یہ عمران خان اتنا بڑا نااہل تھا اور اس کی ترجیحات اتنی غلط تھیں کہ وہ ممالک جو کبھی پاکستان کے دوست ممالک کی صف میں کھڑے ہوتے تھے، آج ان سارے ممالک کو دشمنوں کی صف میں اپنی بے وقوفیوں سے دھکیل گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب جیسے دیرینہ دوست کے بارے میں اس نے وزیراعظم ہوتے ہوئے جو بدکلامی کی، جو برے کلمات ادا کیے وہ ہمارے تمام دوستوں تک پہنچے اور وہ پاکستان سے ناراض تھے، یہ وہ بارودی سرنگیں پاکستان کے لیے بچھا گئے ہیں۔


