حیسکو عملہ خواب غفلت میں مبتلا، تاریں گرنے کے باعث جانی نقصانات کا سلسلہ جاری
میرپورخاص (انتخاب نیوز) حیسکو میرپورخاص کی نااہلی برقرار، بجلی کی تاریں ٹوٹنے سے جانی نقصانات کا سلسلہ جاری، قتل باالسبب کے مقدمے میں حیسکو کے افسران کی عبوری ضمانت کے بعد بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں اضافے کے باعث شدید گرمی میں قلت آب سے عوام بلبلا اٹھے، گزشتہ دنوں ہائی ٹینشن وائر گرنے سے ماں بیٹے کی ہلاکت کے بعد بھی حیسکو کا عملہ خواب غفلت سے بیدار نہ ہوسکا، بوسیدہ تاروں کی فوری تبدیلی نہ کیے جانے کے باعث ہیرآباد چوک پر بجلی کی تار گرنے سے اطہر ملک ولد عبدالمجید ملک کرنٹ لگنے سے شدید زخمی ہوگیا، زخمی کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا، واقعہ کے خلاف علاقہ مکینوں میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے، بتایا جاتا ہے کہ چند روز قبل مذکورہ تار میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس کی اطلاع بھی حیسکو عملے کو دی گئی تھی تاہم کوئی خاطر خواہ عمل نہیں کیا گیا۔ میرپورخاص میں آئے روز بجلی کی تاریں گرنے کے واقعات کے بعد حیسکو کی جانب سے تاروں کی فوری تبدیلی کی بجائے بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے، عوامی حلقوں کا کہنا تھا کہ ماں بیٹے کی ہلاکت کے کیس میں عدالت سے ایکسیئن احمد فراز، ایس ڈی او ریاض اور لائن سپرنٹنڈنٹ عبدالستار کی عبوری ضمانت اور سماعت 7جون کو مقرر ہونے کے بعد حیسکو شہریوں سے انتقام لینے پر اتر آیا ہے، تاروں کی فوری مرمت کی بجائے لوڈشیڈنگ بڑھا کر شدید گرمی میں عوام کی زندگی اجیرن بنا دی گئی ہے، بجلی بندش کے باعث پانی کا بحران پیدا ہونے سے عوام کا جینا دوبھر ہوچکا ہے۔ عوامی حلقوں نے بجلی کی تاروں کی فوری مرمت اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔


