پنجاب میں وزراءکے سرکاری پیٹرول پر پابندی عائد کردی
لاہور(انتخاب نیوز) صوبائی وزیر عطاءاللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پنجاب میں وزراءکے سرکاری پیٹرول پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاءتارڑ نے کہا کہ عمران نیازی نے اپنے دور حکومت میں ملک و قوم کو دیوالیہ کردیا، انہوں نے دونوں ہاتھوں سے ملک کو لوٹا، عثمان بزدار کی رہائشگاہ پر عوام کے پیسے کو بیدردی سے خرچ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ آٹے کی اسمگلنگ روکنے کےلئے پنجاب کے بارڈرزکی کڑی نگرانی کا فیصلہ کیا ہے،پنجاب نے 50 لاکھ ٹن گندم کے حصول کا ہدف پورا کیا ہے اور پنجاب حکومت گندم کی قلت کا شکار صوبوں کی مدد کرے گی۔عطا تارڑ نے بتایا کہ پنجاب میں وزیروں پرسرکاری پیسے سے پیٹرول کےاستعمال پرپابندی لگادی گئی ہے، کوئی بھی وزیر سرکاری پیٹرول نہیں لے گا، تمام وزرا ذاتی خرچ پر پیٹرول ڈلوائیں گے، سرکاری کام کے لیے جانے والے وزرا بھی ذاتی خرچ پرپیٹرول ڈلوائیں گے، اس کے علاوہ سی ایم ہاو¿س پر شاہانہ اخراجات پر فوری پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے، پنجاب حکومت بجٹ میں بڑا ریلیف دےگی اور مختلف سبسڈیز فراہم کی جائیں گی۔صوبائی وزیر نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی سے زیادہ ڈرپوک ملکی تاریخ میں نہیں آیا، وہ آج بھی سرکاری اخراجات پر پل رہا ہے ، عمران نیازی منرل واٹربھی کے پی حکومت کے خرچ سے پیتا ہے۔


