کورونا کی وجہ سے پاکستان میں پھنسے 90 پاکستانی طلباء کا پہلا گروپ چین پہنچ گیا
بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) کووڈ 19 کی وجہ سے پاکستان میں پھنسے 90 پاکستانی طلباء کا پہلا گروپ چین پہنچ گیا، طلباء پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی چارٹر پرواز PK6854 کے ذریعے اسلام آباد سے چین کے شہر شیان پہنچے۔ گوادر پرو کے مطابق کل 105 طلباء اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے لیکن 15 طلباء پی سی آر ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہے اور انہیں اگلی پرواز کا انتظار کرنا پڑا۔ پاکستان کی وزارت تعلیم نے کہا پاکستانی طلباء کی سہولت کے لیے یہ طلباء کے پہلے گروپ کو چین واپس بھیجنے کا ایک پائلٹ پراجیکٹ ہے، جو کہ وفاقی وزیر تعلیم اور دیگر تمام اسٹیک ہولڈرز کی قیادت میں ایک زبردست ٹیم کاوش ہے۔ ڈاکٹر عصمت ملک نے تمام طلباء سے درخواست کی کہ وہ سخت ایس او پیز پر عمل کریں کیو نکہ باقی طلباء کا مستقبل ان کے کامیاب سفر پر منحصر ہے۔گوادر پرو کے مطابق انہوں نے کہا الحمدللہ طالب علم کے پری ڈیپارچر پی سی آر ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔ پاکستانی طلباء کے پہلے گروپ کے لیے گڈ لک۔ فلائٹ روانگی کے 12 گھنٹے کے اندر نیاب لیب ایئرپورٹ ڈیسک پر ریپڈ ٹیسٹ لیا جائے گا۔ پاکستانی طلباء نے ایئرپورٹ پر خوشی اور اپنے جذبات کا اظہار کیا۔واضح رہے گزشتہ ماہ، پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے گوانگزو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چینی ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ ای کا چین میں مرحلہ وار پاکستانی طلباء کی محفوظ واپسی پر شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے دوران فریقین نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے ذریعے جلد از جلد دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں دوبارہ شروع کرنے اور بعد ازاں بدلتی وبائی صورتحال کی بنیاد پر براہ راست پروازوں میں اضافہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔


