ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان قتل، 2 شہری گولیوں کا نشانہ بن گئے، ایک زخمی ڈاکو گرفتار

کراچی (انتخاب نیوز) سکھن میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پرنوجوان کو قتل کردیا گیا، کورنگی، پاک کالونی میں مزاحمت پر 2 افراد زخمی ہوگئے، جمشید کوارٹرز میں مقابلے کے دوران زخمی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ واقعات کے مطابق سکھن کے علاقے لانڈھی ریڑھی گوٹھ میں ملزمان نے واردات کے دوران مزاحمت پر 22 سالہ فواد ولد غلام فرید کو قتل کردیا، موقع پر موجود افراد نے ایک ڈکیت محمد رفیق ولد امیر حسین کو پکڑ کر شدید زدوکوب کے بعد زخمی حالت میں پولیس کے حوالے کردیا، مقتول کی لاش اور زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ کورنگی کراسنگ اللہ والا ٹاؤن سیکٹر 31-B کے قریب فائرنگ سے 40سالہ جاوید ولد فرید زخمی ہوگیا جسے جناح اسپتال پہنچایا گیا۔پاک کالونی جہان آباد پولیس چوکی کی حدود شیر شاہ ہڈی گودام کے قریب فائرنگ سے 40سالہ رانا علی ولدعلم الدین زخمی ہوا جسے سول اسپتال منتقل کیاگیا ۔مزید برآں جمشید کوارٹر کے علاقے جہانگیر روڈ پر یوٹیلیٹی اسٹور کے قریب پولیس نے دو طرفہ فائرنگ کے بعد زخمی حالت میں اصغر ولد اکبر کو دو ساتھیوں کامران اور طاہر سمیت گرفتارکرکے تین پستول اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرلی، زخمی ملزم کو سول اسپتال لایا گیا۔ علاوہ ازیں سائٹ سپر ہائی وے گائے منڈی کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے 30 سالہ نامعلوم شخص جاں بحق ہوگیا جسکی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی۔ کورنگی چینوٹ اسپتال مدینہ بیکری والی گلی کے قریب مین روڈ سے ملنے والی لاش جناح اسپتال لائی گئی، متوفی کی شناخت فوری طور پر نہ ہوسکی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں