خواتین عورتوں کو تمام شعبہ ہائے زندگی میں مساوی مواقع فراہم کیے جائیں، فردوس عاشق اعوان

فیصل آباد:وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت خواتین کے حقوق کے تحفظ کیساتھ ساتھ خواتین کو سیاسی و معاشی ترقی کے بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے بھرپور عملی اقدامات کررہی ہے تاکہ خواتین کو ملک کی ترقی میں اپنا سرگرم کردار ادا کرنے کے مواقع میسر ہوسکیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی فیصل آباد میں پیغام پاکستان سنٹر، دختران پاکستان پروگرام اور حکومت پنجاب کے اشتراک سے منعقد ہونیوالے جاب فیسٹیول اور انڈسٹریل ایکسپو کی تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ اس پروگرام کا مقصد ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے خواتین کے فعال کردار کو فروغ دینا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہمارے ملک کی آبادی کا نصف سے زائد حصہ خواتین پر مشتمل ہے جن کے حقوق کا تحفظ کرنا معاشرے اور حکومتی اداروں کی اولین ذمہ داری ہے، خواتین کو معاشرے میں باوقار ممتاز مقام دلانے کیلئے انہیں تعلیم و تربیت کے بہتر مواقع فراہم کرنیکی ضرورت ہے کیونکہ اگر ہمارے ملک کی مائیں تعلیم یافتہ اور ہنر مند ہونگی تو وہ اپنے بچوں کی بہتر نگہداشت کیساتھ ساتھ اپنی اولاد کا مستقبل سنوارنے کیلئے ان کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیں گی، اس لیے خواتین کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور صنفی تعصبات کا خاتمہ کرکے عورتوں کو تمام شعبہ ہائے زندگی میں مساوی مواقع فراہم کیے جائیں۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی فیصل آباد میں منعقد ہونیوالی تقریبات پر دختران پاکستان تحریک اور پنجاب حکومت کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے پروگراموں سے خواتین کو بہتر ملازمتوں کے حصول اور مستقبل سنوارنے کیلئے آگاہی اور رہنمائی حاصل ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں