شعبہ صحت اور میڈیا کے ورکرز کورونا کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑ رہے ہیں، نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی
کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ سماجی رابطوں میں فاصلوں کے اصولوں پر عمل کیا جائے۔ صحت اور میڈیا کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کورونا کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑرہے ہیں۔ جمعہ کے روز میڈیا اور صحت کے شعبوں سے منسلک افراد سے اظہار یکجہتی کیلئے اپنے جاری ایک ویڈیو پیغام میں نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے مزید کہا کہ عالمی وبائکیخلاف فرنٹ لائن پر لڑتے ہوئے خدمات سرانجام دینے والے صحت اور میڈیا کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد خراج تحسین کے مستحق ہیں یہ لوگ اپنے سماج کو بچاتے ہوئے اپنی جانوں پر کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا ایک بہت بڑے بحران سے گزررہی ہے اور اس وباء کا راستہ روکنے کیلئے صحت کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد عالمی وباء کیخلاف فرنٹ لائن پر جنگ لڑرہے ہیں اور میڈیا کے لوگ بلاتعطل عوام کو معلومات تک رسائی فراہم کررہے ہیں۔ نوابزادہ لشکری رئیسانی نے اپنے ویڈیو پیغام میں صوبے کے نواجوانون، طلبہ اور سیاسی وسماجی کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محکمہ صحت کے عملہ اور ضلعی انتظامیہ سے تعاون کرتے ہوئے پوری دنیا میں طے پانے والے سماجی رابطوں میں فاصلوں کے اصول پر عمل کرکے اپنے سماج کو آئندہ وقتوں میں درپیش مشکلات سے بچا کیلئے تعلیم اور تحقیق پر توجہ دیں۔