پولیس اہلکار نے ڈکیت مار ڈالا، مختلف علاقوں میں رہزنوں کے ہاتھوں 5 افراد فائرنگ سے زخمی
کراچی (انتخاب نیوز) کورنگی صنعتی ایریا میں پولیس اہلکار نے مقابلے کے دوران ڈکیت کو ہلاک کردیا، مختلف علاقوں میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 5 افراد زخمی ہوگئے۔ واقعات کے مطابق کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے کی حدود ویٹا چورنگی این فور کمپنی کے قریب عادل نامی اہلکار نے مقابلے کے دوران 25 سالہ نامعلوم ڈکیت کو ہلاک کردیا جس کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی۔ پولیس نے ہلاک ملزم سے اسلحہ کی برآمدگی کا دعویٰ کیا ۔کورنگی ابراہیم حیدری چشمہ گوٹھ کے قریب فائرنگ سے امیر شاہ ولد رمضان شاہ اور رشید ولد عبدالرحمٰن زخمی ہوگئے جنہیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ زمان ٹائون کے علاقے کورنگی سو کوارٹرز میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے وقاص ولد محمد فرقان زخمی ہوگیا، جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی جھگڑے کا شاخشانہ ہے۔ سر سید ٹائون تھانے کی حدود نارتھ کراچی سیکٹر 11 بی میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 50 سالہ مبین اختر ولد سعید مبین اختر زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلئے نجی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ سرجانی ٹائون کے علاقے سیکٹر 5بی گرین بس ٹرمینل اسٹاپ کے قریب ملزمان نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے عدنان ولد عطا کو زخمی کردیا، مضروب کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔


