بلوچستان ملکی اقتدار پرمسلط رہنے والے بے حس حکمران قوم کے مجرم ہیں، مولانا عبدالحق ہاشمی
کوئٹہ:امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ بلوچستان میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے حوالے سے تاجروعوام احتیاط ضرورکریں صفائی کا اہتمام اور سماجی فاصلے کی پابندی کریں تاجربرادری ودکاندار ناجائزمنافع،وزیادتی سے بازآجائے نیکیوں کاموسم بہار رمضان المبارک میں ہر فرد کو نیکی وبھلائی اورخدمت وآخرت میں اجر کاسوچھنا چاہیے حکومت خواب غفلت سے بیدارہوجائے اور پریشان حال مزدوروں مساکین کی خدمت کریں عید کی خوشیوں میں شامل ہونے کیلئے کم آمدنی والوں کی بروقت وبہتر مددوقت کی اہم ضرورت ہے۔مستحقین وغرباء کو ان کی حالت پر چھوڑ نا انسانیت نہیں ہے حکمرانوں منتخب نمائندوں اور مخیر حضرات کی بھاری ذمہ داری ہے کہ وہ کمزورں پر رحم کریں ان کی مدد کویقینی بنائیں تاکہ مسائل ومشکلات،وباؤں وبلاؤں اورپریشانیوں نجات ملیں۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان ملکی اقتدار پرمسلط رہنے والے بے حس حکمران وغافل اورکرپٹ منتخب نمائندے اس قوم کے مجرم ہیں۔بار بار اقتدار میں آنے والوں نے بلوچستان کے عوام کوبنیادی انسانی حقوق سے محروم رکھاہے۔عام آدمی کوتعلیم،صحت اور روز گار کی سہولتیں حاصل نہیں،وسائل کی لوٹ مار اور غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے امیروں کی دولت اور غریب کی غربت میں اضافہ ہورہا ہے۔غلط کرپٹ نظام کی وجہ سے امیر امیر تراور غریب غریب تر ہورہا ہے غریبوں کیلئے دووقت کا کھانا میسرنہیں جبکہ حکمرانوں کے کتے بھی مزے وعیاشی کر رہے ہیں۔غریب کی جھونپڑی میں غریب اور امیر کے محل میں امیر اگتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ظلم اور استحصال کا یہ نظام اب زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتا۔نبی آخرالزماں حضرت محمد ﷺ کے غلام ایسے نظام کو برداشت نہیں کرسکتے۔ہمیں اس نظام کے خلاف اٹھنا اور قوم کو اس سے نجات دلانا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ قوم اپنے خیرخواہوں کو پہنچانے۔مشکل کی ہر گھڑی میں جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن اپنے غریب عوام کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے،خدمت کے جذبہ سے سرشار لوگ اقتدار میں آئیں گے تو ملک و قوم کے مسائل حل ہونگے۔