اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 3 فلسطینی جاں بحق ،40زخمی
غزہ(انتخاب نیوز)اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مغربی کنارے پر فائرنگ کرکے 3 فلسطینیوں کو شہید کردیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے الفتح کے الاقصیٰ شہدا بریگیڈ گروپ کے ایک سینئر کمانڈر ابراہیم النبلسی کے گھر کو گھیر لیا، وہ طویل عرصے سے اسرائیل کی مطلوب فہرست میں شامل تھے ۔اسرائیلی فوج نے بتایا کہ کمانڈر ابراہیم النبلسی نے ہتھیار ڈالنے سے انکار کر دیا تھا اور وہ اسرائیلی فورسز کے ساتھ مقابلے کے دوران ایک اور ساتھی کے ساتھ مارے گئے ۔شمالی مغربی کنارے کے شہر نابلس میں فائرنگ کا یہ واقعہ اسرائیل اور اسلامی جہاد کے غزہ میں تین دن تک جاری رہنے والی لڑائی کے خاتمے کے بعد مغربی کنارے کا سب سے مہلک واقعہ تھا جو کہ ایک سال سے زائد عرصے میں اپنی نوعیت کا بدترین واقعہ تھا۔ابراہیم النبلسی حال ہی میں قائم ہونے والی نابلس بریگیڈکا رکن تھا ۔دوسری جانب جہادی تنظیم نے بتایا کہ 16 سالہ نوجوان اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ تصادم میں حصہ لیتے ہوئے مارا گیا ۔فلسطینی محکمہ صحت کے حکام نے 3 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مجموعی طور پر 40 مزید افراد زخمی ہوئے جبکہ اسرائیل کی طرف سے کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں۔


