جیکب آباد، ریلوے ٹریک سیلابی پانی میں ڈوب گیا، سندھ بلوچستان کا رابطہ منقطع
جیکب آباد (انتخاب نیوز) ریلوے ٹریک سیلابی پانی میں ڈوب گیا، سندھ بلوچستان کاٹرین کے ذریعے رابطہ منقطع، دو روز سے جعفر ایکسپریس اور بولان میل کی بلوچستان سروس معطل، بلوچستان جانے والی ٹرینوں کو جیکب آباد اسٹیشن پر روکا جانے لگا، متاثرہ مسافروں کو براستہ روڈ منزل تک پہنچانے کی سہولت فراہم کررہے ہیں، اسٹیشن ماسٹر۔ بلوچستان میں سیلابی صورتحال کے باعث ریلوے ٹریک بھی شدید متاثر ہو ا، ہے نوتال اور بختیار آباد کے قریب ریلوے ٹریک سیلابی پانی میں ڈوب گیا ہے، جس کے باعث سندھ سے بلوچستان ٹرین کا رابطہ منقطع ہو گیا ہے اور بلوچستان جانے والی ٹرینوں کی سروس معطل کردی گئی ہے۔ پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس اور کراچی سے کوئٹہ جانے والی بولان میل کو جیکب آباد اسٹیشن پررو ک لیا گیا ہے، دوروز سے ریلوے کی سندھ سے بلوچستان سروس معطل ہو گئی ہے۔ اس سلسلے میں جیکب آباد کے اسٹیشن ماسٹر اختر علی نے رابطے پر بتایا کہ دو روز سے سندھ اور بلوچستان کا ریلوے ٹریک کے ذریعے رابطہ منقطع ہوگیا ہے جس کے باعث بلوچستان جانے والی ٹرینوں کو جیکب آباد اسٹیشن پر روکا جا رہا ہے۔ متاثر ہونے والے مسافروں کو براستہ روڈ منزل تک پہنچانے کی سہولت ریلوے کی جانب سے فراہم کی جا رہی ہے۔


