کے پی میں ٹی ٹی پی کے مخالف گروپ حالات خراب کررہے ہیں، بیرسٹر سیف
پشاور (انتخاب نیوز) خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ٹی ٹی پی کے مخالف گروپ حالات خراب کررہے ہیں،امارات افغانستان اسلامی نے ٹی ٹی پی سے مذاکرات شروع کرائے اور سیز فائر ہے۔ کے پی حکومت کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہا کہ کے پی میں ٹی ٹی پی کے مخالف گروپ حالات خراب کررہے ہیں، ٹی ٹی پی کے ساتھ معاملات درست ہیں وہ ٹارگٹ کلنگ اوربھتہ خوری میں ملوث نہیں۔انہوں نے کہا کہ دوہزار مسلح افرادبھی آجائیں تومقابلہ کرسکتے ہیں، ٹینک، توپیں اور جہاز ہیں، چند ہزار کلاشنکوفیں حکومت کی راہ نہیں روک سکتیں۔ سوات آنے والے چالیس، پچاس افراد تھے جن کے پاس عام رائفلیں تھیں۔ بیرسٹر سیف نے مزیدکہاکہ ڈی ایس پی سادہ کپڑوں میں تھے جو مسلح افراد کے ساتھ فائرنگ میں زخمی ہوئے، وہ لوگ واپس چلے گئے اور ان پہاڑوں پر اب پولیس موجودہے، دو، تین دن کا مسئلہ تھا جو حل ہوگیاہے، جوبھی ریاست کو چیلنج کرے گا تو ریاست نمٹنا جانتی ہے۔ بیرسٹرسیف نے کہا سوات میں صورتحال پرامن طریقے سے بحال ہوگئی ہے،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوانے اپنی نگرانی میں سارے کام کئے اور صورت حال کو کنٹرول کرلیا ہے۔


