بلوچستان میں سیلاب سے 90 لاکھ ایکڑ زرعی اراضی تباہ ہوچکی، صوبائی حکومت
کوئٹہ (انتخاب نیوز) صوبہ بلوچستان میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے جہاں ایک جانب سینکڑوں گھر تباہ، درجنوں ہلاکتیں اور لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں، وہی صوبے کے کئی علاقوں میں فصلیں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں،بلوچستان حکومت کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق صوبے کی 90 لاکھ ایکڑ زرعی اراضی تباہ ہو چکی ہے،وفاقی حکومت نے متاثرین کے لیے امداد کے اعلانات تو کیے ہیں لیکن سیلاب متاثرین اور صوبائی حکومت کے ارکان اس اعلان کردہ امداد کو ناکافی سمجھتے ہوئے اس میں اضافے کا مطالبہ کر رہے ہیں،بلوچستان کے بعض علاقوں میں کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جن کے گزر بسر کا واحد سہارا ان کی فصل تھی جو اب سیلاب کی نذر ہو چکی ہے جبکہ زمینوں پر تاحال پانی کھڑا ہے،اپنی فصلوں کی تباہی دیکھ کر اب یہ لوگ اس پریشانی میں مبتلا ہیں کہ آنے والے دنوں میں ان کا گزر بسر آخر کیسے ہو گا؟،بلوچستان میں لاکھوں ایکڑ پر مشتمل فصلیں تباہ ہونے کے بعد یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ صوبے میں اناج اورسبزیوں کا بحران پیدا ہو سکتا ہے،بلوچستان کے ضلع صحبت پور کے رہائشی نیک محمد کھوسہ کی فصلیں بھی حالیہ سیلاب کے باعث مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔


