ملکہ الزبتھ نے انسانیت کی خدمت کی، انہیں اچھے الفاظ میں یاد کیا جاتا رہے گا، قدوس بزنجو
کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے، صوبائی سطح پر تمام عہدوں پر فائزرہنے کا شرف حاصل ہے کبھی کسی عہدے کے پیچھے نہیں بھاگا کسی کا دشمن نہیں ہوں جہاں غلط کام دیکھا وہاں ڈٹ کر کھڑا ہوا، ملکہ الزبتھ نے ثابت کیا کہ اگر عہدوں اور منصب پر رہ کر کام کیا جائے تو ہمیشہ اچھے الفاظ میں یاد رکھا جاتا ہے،یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں میتھوڈسٹ چرچ میں ملکہ الزبتھ دوئم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعلیٰ نے ملکہ الزبتھ کی یاد میں شمع روشن کی اور پھولوں کی چادر بھی پیش کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران، سینیٹر عبدالقادر، پارلیمانی سیکرٹری خلیل جارج، سابق صوبائی وزیرمیر عاصم کر د گیلو سمیت دیگر بھی موجودتھے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ میرے لئے باعث فخر ہے کہ میں عظیم خاتون کی آخری دعائیہ رسومات میں شامل ہوا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ملکہ الزبتھ نے انسانیت کی خدمت کی انہیں اچھے الفاظ میں یاد کیا جاتا رہے گاانہیں آج اس لئے بھی یاد کیا جارہا ہے کیونکہ انہوں نے اپنی 70سالہ حکمرانی میں عوام کی خدمت کی اوراپنے کردار سے اپنا نام زندہ رکھاہمیں بھی چاہئے کہ جتنا بھی موقع ملے عوام کی خدمت کریں انسان کو اپنے عہدے اور منصب سے انصاف کرنا چاہئے اورہمیشہ بہتر سے بہتر کام کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ملکہ الزبتھ کی تعزیت کیلئے سفارتخانے جانے کی بجائے فیصلہ کیا کہ اپنے صوبے کی مسیحی برادری کے لوگوں میں جاوں گا اور ان سے تعزیت کروں گا ہم ایک وفد بھی اس حوالے سے بیرون ملک بیجیں گے۔انہوں نے کہا کہ جب اللہ تعالیٰ کسی کو ذمہ داری دیتا ہے تو وہ ضرور اسے اس کام کیلئے چنتا ہے کامیابی عہدہ ملنا نہیں بلکہ اچھے کام کرنا ہے اور عوام کی فلاح و بہبود میں اپنا کردارا دا کرنا ہے ایسے کسی عہدے کی طلب نہیں کرنی چاہئے جس پرآکرعوام یا ہمارے ماتحت لوگ ہم سے تنگ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نفع اور نقصان اللہ کے ہاتھ میں ہے ہمیں ایک دوسرے کے خلاف انتقامی کارروائی سے گریز اور حسن سلوک رکھناچاہئے میں کسی کو بھی اپنا دشمن نہیں بنانا چاہتا اورنہ ہی کوئی میرادشمن ہے دنیا میں ہمارے پاس بہت کم وقت ہے اس میں دشمنی نہیں بلکہ اچھے کام کرنے چاہئے دشمنی سے ہمیشہ لوگوں کا نقصان ہوتا ہے مجھ سے کوئی جتنابھی برا سلوک کرے مجھے کسی کی پرواہ نہیں میں جب تک اس عہدے پر ہوں احسن انداز میں اپنے عوام کی خدمت کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنا وقت بچانا چاہئے اور اسے عوام کی خدمت میں صرف کرنا چاہئے میں دعا گوں ہوں کہ اللہ تعالیٰ میری ٹیم اور میری کابینہ کو اس عمل میں سرخرو کرے جس کی ذمہ داری ہمیں دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سزا اور جزا کا عمل اللہ تعالیٰ کے پاس ہے کرسی اور عہدہ اسوقت اچھا لگتا ہے جب آپ کام کریں میں ان شخصیات میں سے ہوں جنہوں نے صوبائی سطح پر ہر عہدے پر فائز رہنے کا شر ف حاصل کیا ہے میں کبھی کسی عہدے کے پیچھے نہیں بھاگا مزہ تب آتاہے جب عہدے اوررتبے آپ کے پیچھے بھاگیں۔انہوں نے کہا کہ جب بھی کسی نے غلط کام کیایا سمجھا کہ وہ عوام کی نمائندگی کیلئے صحیح نہیں ہے اسکے سامنے ضرور ڈٹ کر کھڑا ہوا ہوں میں نے کسی کو نہیں کہا تھا کہ مجھے وزیراعلی بنائے ہمارے گروپ سے ہی بعض لوگ وزیراعلیٰ کے امیدوار تھے جو کہتے تھے کہ بطور وزیراعلیٰ ہمارانام دیں لیکن میں اراکین کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے مجھے عزت دی اوراس منصب کیلئے چنا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان گزشتہ تین ماہ سے سیلاب جیسے بڑے امتحان سے گزر رہا ہے قوموں پر امتحان انہیں مضبوط کرنے کیلئے آتے ہیں انتظامیہ اور میری ٹیم نے بہتر انداز میں کام کیا ہے نصیرآباد ڈویژن ڈوب گیا ہے ہمارے پاس پیسے تو ہیں لیکن ٹینٹ نہیں مل رہے وزیراعظم نے دن رات محنت کرکے ملک اور صوبے کیلئے سوچا ہے اور کام کیا ہے میں دعا گو ہوں کہ جو امتحان آیا ہے ہم اس سے سرخرو ہوکر نکلیں۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرہ آخری شخص کی بحالی تک کام جاری رکھیں گے اسوقت نقصانات کا تخمینہ 250سے 300ارب روپے تک ہے وزیراعظم سے بھی کہا ہے کہ ان کے آنے سے ہماری حوصلہ افزائی ہوتی ہے ہمارے پاس جتنے وسائل ہیں انہیں بروئے کار لائیں گے کسی نے ہماری مدد کرنی ہے تو وہ کرسکتا ہے مگر ہم کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلائیں گے قوم کی بہتری اورانکی بحالی کیلئے کوششیں جاری رکھوں گا صوبائی حکومت سیلاب سے متاثرہ افراد کے گھر،زرعی زمینیں،بندات اور انفراسٹرکچر بحال کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے گی۔


