دنیا کو کرونا وائرس کے ساتھ جینا سیکھنا ہو گا: عالمی ادارۂ صحت


\عالمی ادارۂ صحت نے خبردار کیا ہے کہ کرونا وائرس ختم ہونے والا نہیں اور دنیا کو اس وبا کے ساتھ ہی جینا سیکھنا ہو گا۔دنیا بھر میں کرونا وائرس سے تین لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور وبا پر قابو پانے کے لیے کئی ممالک لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیوں میں نرمی کی طرف جا رہے ہیں۔ تاہم ماہرین مسلسل خبردار کر رہے ہیں کہ ایسا کرنے سے وبا کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔عالمی ادارۂ صحت نے بھی کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو سنگین قرار دیا ہے۔ادارے کے ہنگامی حالات کے ڈائریکٹر مائیکل ریان نے بدھ کو جنیوا میں ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس انسانیت میں سرایت کر چکا ہے اور اب یہ پیش گوئی نہیں کی جا سکتی کہ اس پر کب تک قابو پایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا سے اب تک ایچ آئی وی ختم نہیں ہوا اور اب اسے کرونا وائرس کی صورت میں ایک وبا کا چیلنج درپیش ہے جو جلد ختم ہونے والا نہیں ہے۔ریان نے مزید کہا کہ بین الاقوامی برادری کے لیے یہ اچھا موقع ہے کہ کرونا وائرس کی ویکسین کی تیاری کے لیے مواقع تلاش کیے جائیں اور اس کی تیاری کے بعد اس کی رسائی ممکن بنائی جائے۔