کرونا وائرس بھوٹان پہنچ گیا، سیاحوں کے داخلے پر پابندی


بھوٹان نے جمعے کے روز اپنے ایک اعلان میں کہا ہے کہ اس نے دو ہفتوں کے لیے ملک میں تمام غیرملکی سیاحوں کا داخلہ بند کر دیا ہے۔یہ اعلان بھارت سے ملک میں داخلے ہونے والے ایک ٹورسٹ میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد کیا گیا ہے۔بھوٹان ہمالیہ کی پہاڑی سلسلے میں واقع ایک چھوٹا سا ملک ہے جس کی سرحدیں بھارت سے ملتی ہیں۔ بھوٹان کی زیادہ تر آمدنی کا انحصار سیاحوں پر ہے جو کوہ پیمائی، قدرتی مناظر اور ہزاروں سال پرانی تہذیب و ثفافت کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں اس ملک میں آتے ہیں۔کرونا وائرس کی تشخیص ایک 79 سالہ ٹورسٹ میں ہوئی ہے جو بھارت سے فضائی سفر کے ذریعے 21 فروری کو بھوٹان میں داخل ہوا تھا۔ ٹورسٹ کو اسپتال میں داخل کر کے قرنطینہ میں رکھا جا رہا ہے۔ملک کی وزارت صحت کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سیاحوں کی آمد پر دو ہفتوں کے لیے پابندی لگا دی گئی ہے جس کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔ادھر بھارت میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 31 ہو گئی ہے۔کرونا وائرس کی علامات فلو سے ملتی جلتی ہیں۔ وہ بہت تیزی سے ایک شخص سے دوسرے کو منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ وائرس کا حملہ پھیپھڑوں پر ہوتا ہے جس سے مریض نمونیے میں مبتلا ہو جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں