بلوچستان مواقعوں کی سرزمین ہے،جام کمال

کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان مواقعوں کی سرزمین ہے،مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں اور امکانات کو دنیا کے سامنے پیش کررہے ہیں، بلوچستان چار ریجن پر مشتمل ہے اور ہرریجن موسم، قدرتی وسائل اور جغرافیائی طور پر منفرد خصوصیات رکھتا ہے، ایسی خصوصیات کسی ایک خطہ میں بہت کم پائی جاتی ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے والے کنسورشیم کے عہدیداروں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے مسٹر راجر ڈگلس ہارٹ کی قیادت میں ان سے ملاقات کی، چیف سیکریٹری بلوچستان فضیل اصغر اور سی ای او بلوچستان بورڈ آف انوسٹمنٹ فرمان زرکون بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ وفد میں صومالیہ کے سابق صدر احمد عبدینور درمن اور سیٹھ محمد عثمان کولیہ بھی شامل تھے، کنسورشیم دنیا کے مختلف ممالک میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرتا ہے، اور خاص طور سے پاکستان اسٹیل مل کی بحالی کے منصوبے میں سرمایہ کے امکانات کا جائزہ لینے کے لئے ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہے، وزیراعلیٰ نے کنسورشیم کو بلوچستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان کی طویل ساحلی پٹی، وسیع وعریض اراضی، قیمتی معدنی ذخائر، چاغی اور دلبند میں آئرن اوور، سیاحت، ماہی گیری اور زراعت میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے سرمایہ کار فائدہ اٹھاسکتے ہیں، حکومت بلوچستان نے سرمایہ کار دوست ماحول اور پالیسی فراہم کی ہے اور بلوچستان بورڈ انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کو فعال کیا گیا ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان مختلف متبادل ذرائع سے توانائی کی پیداوار کے لئے موزوں خطہ ہے جبکہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، پینے کے صاف پانی اور ماحولیات کے شعبے بھی سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں نباتاتی زرعی پیداوار کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے،کنسورشیم کی جانب سے بلوچستان میں معدنی وسائل بالخصوص آئرن اوور کی مائننگ میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا، اس موقع پر طے پایا کہ بلوچستان بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کنسورشیم کو سرمایہ کاری کے مواقعوں کے حوالے سے مکمل معلومات اور رہنمائی فراہم کرے گا

اپنا تبصرہ بھیجیں