کرونا کا خوف،لندن میں معروف کتب میلہ منسوخ

لندن:کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خوف سے لندن میں دس مارچ سے شروع ہونے والے کتب میلے کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔۔ ایونٹ میں مقامی افراد سمیت غیر ملکیوں کی ایک بڑی تعداد کو شرکت کے لیے آنا تھا۔لندن کتب میلے کا شمار کتابوں سے متعلق دنیا کی اہم ترین اور وسیع ترین نمائشوں میں ہوتا ہے۔ رواں سال کے لیے اس میلے میں دنیا کے مختلف علاقوں سے 25 ہزار، پبلشرز، مصنفین اور ایجنٹس کو شریک ہونا تھا۔لندن کتب میلے کے منتظمین (Reed Exhibitions) کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ رواں ماہ کی دس تاریخ سے شروع ہونے والی کتابوں کی نمائش کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کتب میلے کی منسوخی کے نتیجے میں منتظمین اور شرکاء کو مالی بوجھ برداشت کرنا پڑے گا۔کرونا وائرس کے اندیشے کے پیش نظر عالمی پبلشر ہاؤس Penguin Random House نے ایک بیان میں اعلان کر دیا تھا کہ وہ لندن کتب میلے میں شرکت سے دست بردار ہو رہا ہے۔مذکورہ پبلشر ہاؤس ایک کثیر القومی عالمی ادارہ ہے۔ یہ اب تک 15 ہزار سے زیادہ کتابیں شائع کر چکا ہے۔ اس ادارے کے تحت پوری دنیا میں 10 ہزار سے زیادہ ملازمین اپنی ذمے داریاں انجام دے رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں