جامعہ گوادر کی سینڈیکیٹ کمیٹی کا اجلاس، تعلیمی اور انتظامی معاملات پر غور

گوادر (انتخاب نیوز) جامعہ گوادر کی دوسری سینڈیکیٹ کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر یکم اکتوبر 2022ءکو جامعہ گوادر کی لائبریری میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد، پی ایس ٹو گورنر بلوچستان عبدالناصر دوتانی ، رجسٹرار جامعہ گوادر دولت خان، ڈائریکٹر فنانس شفیع محمد، قائم مقام کنٹرولر امتحانات مجاہد حسین، ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز، کامرس اینڈ سوشل سائنسز ڈاکٹر جان محمد، ڈین فیکلٹی آف سائنس، انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر دھنی بخش تالپور اور ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر قمبر فاروق شرکت کی۔ جامعہ گوادر کے رجسٹرار نے اجلاس کا ایجنڈا غور و خوض اور فیصلے کے لیے ایوان کے سامنے پیش کیا۔ غور و خوض اور بحث کے بعد مختلف تعلیمی اور انتظامی معاملات کو حل کرنے کے علاوہ، ایوان نے سنڈیکیٹ کے پہلے اجلاس، اکیڈمک کونسل کے دوسرے اجلاس، مالی سال 2022-23ءکے بجٹ تخمینوں کے لیے فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کے دوسرے اجلاس کے منٹس کے علاوہ سالانہ رپورٹ کی توثیق، سابق کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے اور پی سی ون کے مطابق نئے تدریسی شعبوں کے علاوہ سی پیک اسٹڈی سینٹر اور سمندری امور سے متعلق شعبے کے قیام کی منظوری دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی کے آئینی اداروں کی میٹنگ بروقت منعقد کرنے اور یونیورسٹی ایکٹ کے مطابق ان کے کام کرنے کی وجہ سے جامعہ گوادر کا شمار ملک کے بہترین ابھرتے ہوئے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں کیا جارہا ہے۔ وائس چانسلر نے مختصر وقت میں یونیورسٹی کی تیز رفتار ترقی کی کوششوں میں یونیورسٹی کے آئینی اداروں کے معزز اراکین کی بے مثال شراکت اور خدمات کو سراہا۔ سنڈیکیٹ کے معزز ممبران نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی کے مفاد اور استحکام کو ترجیح دیتے ہوئے ادارے کے اہم تعلیمی اور انتظامی معاملات کو متعلقہ اداروں کے فیصلوں کے مطابق حل کیا جارہا ہے جس سے مزید ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ آخر میں وائس چانسلر نے اجلاس میں تمام ممبران کی گرانقدر شراکت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یادگاری شیلڈز پیش کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں