جنرل قمر باجوہ کی امریکہ میں اہم ملاقاتوں کا سلسلہ جاری

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) دورہ امریکہ پر موجود آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی اہم شخصیات سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے. پاکستان مشن اقوام متحدہ نیویارک میں پریس قونصلر ڈاکٹر مریم شیخ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی اقوام متحدہ میں سیکرٹری جنرل انتونیو گوئیترس کے ملٹری ایڈوائزر جنرل بیرمی دئیوپ (Biarme Diop) سے ملاقات ہوئی ہے، ان کا تعلق سینیگال سے ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ دو روز قبل نیویارک پہنچے تھے، جہاں انہوں نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے اعلی حکام سے ملاقاتیں کیں۔ نیویارک کے بعد ان کی کئی ایک اہم ملاقاتیں امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں ہوں گی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ ایسے وقت میں امریکہ کا دورہ کررہے ہیں جب ان کی عہدے سے ریٹائرمنٹ یا توسیع کے حوالے سے خبروں اور قیاس آرائیوں کا سلسلہ عروج پر ہے۔ واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی کہ جنرل باجوہ امریکہ کے دورے پر ہیں ، تاہم ان کے دورے کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جنرل باجوہ واشنگٹن میں امریکی افواج کی سنٹرل کمانڈ کے سربراہ سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ تاہم بعض ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ آرمی چیف کا دورہ امریکہ ان کی الوداعی ملاقاتوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں