میری ٹائم سیکیورٹی نے15کلو آئس،28کلو چرس قبضے میں لے لی

کراچی(انتخاب نیوز) پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے کھلے سمندر میں 2 مختلف کارروائیوں کے دوران 15 کلو گرام کرسٹل آئس اور 28 کلو گرام چرس قبضے میں لے لی۔ تفصیلات کے مطابق پکڑی گئی منشیات کی عالمی منڈی میں قیمت 4 کروڑ روپے کے لگ بھگ ہے، کارروائی کے دوران 12 اسمگلرز کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایک کارروائی کے دوران شواہد مٹانے کے لیے اسمگلرز نے کشتی کو آگ لگا کر سمندر میں چھلانگیں لگادی تھیں۔ ڈپٹی ڈی جی میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کموڈور عامر اقبال خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اورپاکستان کسٹمز نے کراچی اور گوادر کے کھلے سمندر میں منشیات کے اسمگلروں کے خلاف انٹیلی جنس آپریشن کیا، جس کے دوران 2 مختلف کارروائیوں میں کروڑوں روپے مالیت کی منشیات پکڑ لی۔آپریشن کے دوران 12 اسمگلرز گرفتار کرکے 15 کلو گرام کرسٹل آئس اور 28 کلو چرس برآمد کرلی گئی،جس کی مجموعی مالیت 4 کروڑ روپے کے لگ بھگ ہے۔ دوسری جانب کموڈور عامر اقبال کا کہنا ہے کہ اسمگلرز نے کشتی کو آگ لگا کر سمندر میں چھلانگیں لگادی تھیں جس کے باعث 1000 کلو کرسٹل آئس جس کی مالیت تقریبا ساڑھے 12 ارب روپے سے زائد تھی جل کر راکھ ہوگئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں