ارکان پارلیمنٹ موٹرویز پر ٹول ٹیکس سے استثنیٰ نہیں لیں گے، صادق سنجرانی

اسلام آباد(انتخاب نیوز)سینٹ کو بتایاگیا ہے کہ موٹروے پر ٹول ٹیکس کی وصولی میں ارکان پارلیمنٹ، پٹرولنگ پولیس، فورسز اور ایمبولینسز کو ٹیکس سے استثنیٰ دیا گیا ہے، جو ارکان استثنیٰ نہیں لینا چاہتے وہ ٹول ٹیکس دیدیا کریں۔ منگل کو وقفہ سوالات کے دوران وزیر مملکت برائے قانون و انصاف سینیٹر شہادت اعوان نے مختلف سوالوں کے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ موٹروے پر ٹول ٹیکس کی وصولی میں ارکان پارلیمنٹ، پٹرولنگ پولیس، فورسز اور ایمبولینسز کو ٹیکس سے استثنیٰ دیا گیا ہے، جو ارکان استثنیٰ نہیں لینا چاہتے وہ ٹول ٹیکس دیدیا کریں، ہم کوشش کریں گے کہ ارکان پارلیمنٹ کا ٹول ٹیکس دینے سے استثنیٰ واپس لے لیا جائے۔ اجلاس کے دور ان چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ ارکان موٹرویز پر ٹول ٹیکس سے استثنیٰ نہیں لیں گے اس حوالے سے سینیٹ سیکرٹریٹ نے تحریری طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ ہم موٹرویز پر ٹول ٹیکس سے استثنی نہیں لینا چاہتے۔وزیر مملکت شہاد ت اعوان نے بتایا کہ سیلاب سے سندھ اور بلوچستان میں بہت نقصان ہوا ہے، کئی سڑکیں اور پل بہہ گئے ہیں، حب پل کو نقصان کی وجہ سے متبادل راستہ بنا کر ٹریفک بحال کی گئی، 17اکتوبر کو 1113 ملین روپے کا ٹھیکہ این ایل سی کو دیدیا گیا ہے، ایک ماہ میں کام مکمل کر لیا جائے گا، تمام متاثرہ سڑکوں اور پلوں کو بحال کیا جائےگا۔انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ 2004میں مکمل ہو گئی تھی، پہلے اس کا انتظام سنگاپور اتھارٹی کو دیا گیا، فروری 2018 میں سی پیک کے تحت اس کا انتظام چینی کمپنی کو چالیس سال کےلئے دیدیا گیا ہے، بندرگاہ پوری طرح فعال ہے اور وہاں پر تمام سہولیات میسر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ سی پیک پر کام کس کے دور میں سست روی کا شکار ہوا۔ تلاش اور شمسی خان کے مقام پر پل کی تعمیر سے متعلق انہوں نے کہا کہ اس مقام پر آر سی سی پل بنایا جا رہا ہے، این ایچ اے کام کر رہی ہے، ایک سال میں منصوبہ مکمل ہو جائے۔ سینیٹر مشتاق احمد، سینیٹر عرفان صدیقی اور سینیٹر تاج حیدر کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے لیکن آہستہ آہستہ اسے نظر انداز کیا گیا، 2021 میں کھیلوں کا کوٹہ ختم کر دیا گیا تھا موجودہ حکومت نے 7 اکتوبر کو یہ کوٹہ اور محکمہ کھیل بحال کر دیا ہے،صوبائی حکومتیں کھیلوں کے گراﺅنڈز بحال کرنے کی ذمہ دار ہیں، لاہور کے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں آسٹروٹرف بچھایا گیا تھا لیکن ایک جلسے کے کئے اسے اکھیڑ دیا گیا، امید ہے کہ صوبائی حکومت اسے بحال کرے گی، سکولوں اور کالجز کی سطح پر ہاکی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں