امریکہ میں کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 8.3 ارب ڈالر مختص

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 8 ارب 30 کروڑ ڈالر مختص کرنے کی قانون سازی پر دستخط کردیے ہیں۔ امریکہ میں اس وائرس کے 233 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 14 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مختص کی گئی رقم میں تین ارب ڈالر ویکسین کی تیاری، ٹیسٹ کٹس اور علاج کے لیے، 2.2 ارب ڈالر بچائو کی کوششوں کے لیے اور 1.25 ارب ڈالر مرض پر قابو پانے کی عالمی کاوشوں میں مدد دینے کی غرض سے رکھے گئے ہیں۔

کرونا وائرس ایک دن پہلے ہی ​دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے مضافات میں پہنچا ہے۔ ریاست میری لینڈ کی منٹگمری کائونٹی میں جمعرات کو 3 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد گورنر لیری ہوگن نے ریاست میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا۔

میری لینڈ سے پہلے چار دوسری ریاستیں کیلی فورنیا، فلوریڈا، واشنگٹن اور ہوائی بھی ہنگامی صورتحال کا اعلان کرچکی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں