ہمارے ملک کے امیر نظام انصاف کا مذاق اڑا رہے ہیں،مروا حسین
ماہرہ خان کے بعد پاکستانی اداکارہ مروا حسین نے بھی شاہ زیب قتل کیس کےفیصلے پر اپنے ردعمل کا اظہارکیا ہے۔ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں مروا حسین کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کے امیر ہمارے نظام انصاف کا مذاق اڑا رہے ہیں، ہم سب غیر محفوظ ہیں اور کوئی قانون ہمیں تحفظ فراہم نہیں کر رہا، اللہ نہ کرے ہم میں سےکسی کو ایسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے۔یاد رہے کہ آج سپریم کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس کے ملزم شاہ رخ جتوئی کو بری کردیا ہے جب کہ کیس کے دیگر ملزمان کو بھی بری کیا گیا ہے۔واضح رہےکہ 25 دسمبر 2012 کو درخشاں تھانے کی حدود میں 20 سالہ نوجوان شاہ زیب کو بہن کی شادی سے گھر واپسی پر کراچی میں ڈیفنس کے علاقے میں قتل کیاگیا تھا۔شاہ زیب قتل کیس میں ٹرائل کورٹ نے شاہ رخ جتوئی اور نواب سراج تالپور کو سزائے موت سنائی تھی جب کہ ملزم نواب سجاد اور غلام مرتضیٰ کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔سندھ ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے چاروں ملزمان کو عمرقید سنائی تھی جب کہ ملزمان نے عمرقید کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کر رکھی تھیں۔


