سوات ،امن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا،امن ہوگا تو صوبے میں ترقی اور خوشحالی آئےگی، محمودخان
پشاور(انتخاب نیوز)خیبرپختوتخوا کے وزیراعلی محمودخان نے کہا کہ امن وامان کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا، امن ہوگا تو صوبے میں ترقی اور خوشحالی آئےگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ سوات کی صورتحال میں خود مانیٹر کررہاہوں، حکومت اور عوام کو مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ سیاحت اور ترقی کا سفر جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ سوات میں امن بحال ہے پورے پاکستان سے سیاحوں کو سوات آنے کی دعوت دیتا ہوں، پچھلے سال 25لاکھ سیاح سوات آئے تھے،جن سے 66ارب روپے کا ریونیو حاصل ہوا۔ وزیراعلی نے کہا کہ مجھے سوات نہ آنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا لیکن 4سالوں میں سوات میں جتنے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں ،ماضی میں ان کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ ان تر قیاتی منصوبوں کو تباہ نہیں ہونے دیں گے۔


