فلسطینی دیہات اور شہروں کو قلعہ بنالیں ، حماس
مقبوضہ بیت المقدس (ویب ڈیسک) حماس کے بیرون ملک کے لیے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے فلسطینیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صہیونی جارحیت کے خلاف دیہات اور شہروں کو قلعوں میں تبدیل کرلیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق نابلس میں 6فلسطینی مزاحمت کاروں کی شہادت پر خالد مشعل نے کہا صہیونی حکومت نے انتخابات سے قبل انتہا پسندیہود کی حمایت حاصل کرنے کے لیے فلسطینیوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی ہیں۔
انہیں آگاہ رہنا چاہیے فلسطینی شہدا کا خون آزادی کی منزل کو مزید قریب لائے گا۔ انہوں نے فلسطینی عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے دیہات، قصبوں اور شہروں کو اس وقت تک مزاحمت کے قلعوں بدل دیں جب تک آزادی کی منزل ممکن نہیں ہو جاتی۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کی طرف سے بیت لحم کے علاقے میں کارروائی کے دوروان اندھا دھند آنسو گیس استعمال کیا گیا،جس کے نتیجے میں اسکول کے بچوں کی حالت بھی غیر ہو گئی۔
مقامی ذرائع کے مطابق فلسطینیوںکے خلاف آنسو گیس کی اندھا دھند شیلنگ کے دوران صہیونی فوج نے معصوم جانوں کی ذرا سے بھی پروا نہیں کی۔ ادھر نابلس کے قریب ایک آباد کار پر چاقو سے وار کیا گیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔عبرانی چینل 7کے مطابق 55 سالہ آباد کار فندق گاؤں کے قریب زخمی پایا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ زخمی کی حالت بگڑنے کے باعث اسے اسپتال منتقل کردیا گیا،جہاں اس کی حالت تشویش ناک ہے۔


