عمران خان کے کسی غیر جمہوری مطالبے کو تسلیم نہیں کریں گے، ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی
لورالائی (انتخاب نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی سینئر نائب صدر سردار نعمان خان ناصر کی بی این پی مینگل کے مرکزی سینئر نائب صدر ملک ولی کاکڑ اور پارٹی کے مرکزی رہنماء ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی سے الگ الگ ملاقات،ملک و صوبے کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیا ل کیا گیا۔ اس موقع پر مشترکہ بیان میں اصولی طور پر اس نقطے پر اتفاق رائے کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ (ن)اور بی این پی مینگل بلو چستان کے عوام کے حقوق پر وفاق میں مشترکہ موقف کو اپنایا جائیگا اور صوبے کے وسائل اور سائل کا ہر پلیٹ فارم پر موثر آواز اٹھا ئینگے بلوچستان کو سی پیک سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں بھر پور نمائندگی ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت مشکل صورتحال کا سامنا کررہا ہے، تمام سیاسی پارٹیوں دانشوروں ادیبوں سمیت ہر طبقہ فکر کے افراد کو اپنا کردار ادا کرکے ملک کو اس سیاسی کشمکش سے نکالنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین پر عملدرآمد کرکے ہی ہم صوبوں کو مضبوط بناسکتے ہیں، صوبے میں لاپتہ افراد کا مسئلہ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، جسکو حل کئے بغیر بلوچستان کے عوام کو مطمئن نہیں کیا جاسکتا، ہمیں صوبے سے احساس محرومی اور مایوسی کے خاتمے کیلئے اپنا جمہوری کردار ادا کرکے صوبے کی نمائندگی کا حق ادا کرنا ہے بصورت دیگر ملک کی جڑیں کمزور پڑسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٖ صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال پر تشویش ہے صوبائی حکومت اس حوالے سے کوتاہی کا مظاہرہ کررہی ہے، حکومت عوام کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ملک میں آمریت کا راستہ ہر صورت روکے گی، عمران خان کی اناڑی پن سیاست سے ملک کو خطرناک صورتحال کا سامنا ہے، ملک کو معاشی اور سیاسی بحران سے دوچار کرنے کی سازش کو ہم مل کر ناکام بنا دینگے، الیکشن اگلے سال کسی بھی وقت ہوسکتے ہیں اور یہ فیصلہ ہم ہی کرینگے، عمران خان کے کسی غیر جمہوری مطالبے کو کسی صورت تسلیم نہیں کرینگے، اتحادی جماعتیں ایک پیج پر ہیں اور ہم فسادی سیاست کو ملک کے مستقبل کو تباہ کرنے کے سامنے پہاڑ بن کر کھڑے ہیں، بلوچستان میں عوام سیلاب کی تباہی کا شکار ہیں، ہم انکی مکمل بحالی تک آرام سے نہیں رہیں گے۔ انہوں نے اس بات پر اتفاق کا اظہار کیا کہ ہمارے درمیان رابطے آئندہ بھی جاری رہے گے۔


