افغان امن معاہدہ اس خطے کیلئے نیک شگون ہے،اسد قیصر

پشاور:اسپیکرقومی اسمبلی اسدقیصرنے کہاہے کہ افغان امن معاہدہ اس خطے کیلئے نیک شگون ہے،پرامن پاکستان افغانستان میں امن سے مشروط ہے،افغان عوام کیساتھ ہمارے خونی اورمذہبی رشتے ہیں انہیں ہرمحاذپرسپورٹ کریں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان چاہتاہے کہ افغان عوام اپنے مستقبل کے فیصلے خودکریں،افغان امن معاہدے کے تناظرمیں 17مارچ کوخصوصی اجلاس طلب کرلیا گیاہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے قائداعظم سکول اینڈکالج ضلع مردان کے ہونہارطلباء وطالبات میں انعامات تقسیم کرنے کے بعدذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔سپیکرقومی اسمبلی اسدقیصرنے کہاکہ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری میں حائل تمام رکاؤٹیں ختم کردی گئیں ہیں،انشاء اللہ اپریل میں رشکئی اکنامک زون کاافتتاح ہوجائیگاجس سے سینکڑوں بے روزگاروں کوروزگارکے مواقع فراہم ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ مشکلات اورمایوسی کادورختم ہونے کوہے،خوشحالی اورترقی کاسفرشروع ہونیوالاہے، مہنگائی کی شرح کم ہوگئی ہے،عمران خان نے سیاست میں عام لوگوں کوموقع دیاہے جوعمران خان کے وژن اورمشن کے مطابق عوام کی فلاح وبہبود اوروطن عزیزکی ترقی کیلئے دن رات محنت کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ طورخم سے پشاورتک اکنامک کوریڈوراورڈی آئی خان تک ایکسپریس ہائے وے جبکہ چکدرہ سے خوازہ خیلہ تک موٹروے تعمیرکی جارہی ہیں۔سپیکرقومی اسمبلی اسدقیصرنے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف نے تعلیم میں جواصلاحات کیں ہیں ان کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے،ضم اضلاع میں بھی تحریک انصاف کی حکومت ہنگامی اقدامات اٹھارہی ہے،تباہ سکولوں کی بحالی پرکام برق رفتاری سے جاری ہے جبکہ ہسپتالوں کوطبی آلات فراہم کئے جارہے ہیں اورسکولوں وہسپتالوں کوشمسی توانائی پرمنتقل کرنیکامنصوبہ بھی جلدشروع ہوجائیگا،اس ضمن میں صوبائی حکومت ترجیحی بنیادوں پراقدامات اٹھارہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں