ایوان فیلڈ ریفرنس ،نیب کا مریم، کیپٹن صفدر کی بریت چیلنج نہ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(انتخاب نیوز)قومی احتساب بیورو(نیب)راولپنڈی نے ایوان فیلڈ ریفرنس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نوازشریف اور ان کے شوہر کیپٹن (ر)محمد صفدر اعوان کی بریت کا حتمی فیصلہ تسلیم کر لیا ہے اور اسے سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیلنج نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق نیب نے مریم نواز اور کیپٹن (ر)محمد صفدر کی بریت کے فیصلہ کو درست تسلیم کر لیا۔ نیب راولپنڈی نے بریت کے خلاف اپیلیں نہ کرنے کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔ ڈی جی نیب راولپنڈی نے بریت کے خلاف اپیلیں نہ کرنے کی منظوری دے دی۔ نیب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مریم نواز اور کیپٹن (ر)محمد صفدر کواسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے بری کرنے کا فیصلہ درست ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ سے تحریری تفصیلی فیصلے کی کاپی موصول ہونے اوراس کا جائزہ لینے کے بعد نیب راولپنڈی نے فیصلہ کیا ہے کہ اس فیصلے خلاف سپریم کورٹ آف پاکستان میں اپیل نہیںکی جائے گی۔ ڈی جی نیب راولپنڈی فرمان اللہ کی منظوری کے بعد خط نیب ہیڈکوارٹرز کو جاری کردیا ہے اور آرڈر جاری کردیا ہے کہ اس فیصلے خلاف اپیل دائرنہیںکی جائے گی۔ مریم نواز اور کیپٹن (ر)محمد صفدر کی بریت کو حتمی فیصلہ تصور کر لیا گیا ہے۔ اب اس فیصلے کو کہیں پر بھی چیلنج نہیں کیا جائے گااوراس طرح مریم نواز اور کیپٹن (ر)محمد صفدر ہمیشہ کے لئے ایون فیلڈریفرنس سے بری ہو گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں