امریکا سرد ترین طوفان کی زد میں، مختلف واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد 19 ہوگئی، ہنگامی حالت نافذ
نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا میں شدید برفباری اور سرد ہواؤں کے باعث نظام زندگی شدید متاثر، مختلف واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد 19 ہوگئی۔ امریکا کی 60 فیصد آبادی کو موسم سرما کے بدترین اور سرد ترین طوفان کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ امریکا میں موسم سرما کا بڑا طوفان، لاکھوں افراد بجلی سے محروم، سیکڑوں پروازیں معطل۔ ریاست مونٹانا، جنوبی ڈکوٹا اور وائیومنگ میں درجہ حرارت منفی 45 تک گر گیا، نیویارک، جارجیا،کینٹکی، اوکلاہوما سمیت کئی امریکی ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے، مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 19ہوگئی ہے۔ بد ترین برفانی طوفان سے ملک بھر میں 8 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ اور 25 ہزار سے زیادہ تاخیر کا شکار ہوئیں، سڑکوں پر پھسلن سے درجنوں گاڑیاں حادثات کا شکار ہوئیں، 15 لاکھ سے زیادہ افراد کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ طوفان کے باعث نیوانگلینڈ، نیویارک، نیوجرسی کے ساحلی علاقوں میں سیلابی کیفیت پید اہوگئی ہے۔


