افغان فورسز کے ہاتھوں نہتے طلبا پر بدترین تشدد کے واقعات رپورٹ
کابل (مانیٹرنگ ڈیسک ) افغانستان میں حکومت کی طرف سے طالبات کی جامعات میں تعلیم پرپابندی کے فیصلے کیخلاف طلبا کے احتجاج کو طاقت سے کچلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ افغان فورسز کے ہاتھوں نہتے طلبا پر بدترین تشدد کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق اس حوالے سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ایک وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسلح اہلکار ایک طالب علم کے چہرے پرلاتیں مار رہا ہے۔ یہ واقعہ قندھار میں پیش آیا جہاں اہلکاروں نے لڑکیوں کے تعلیم پر پابندی کے فیصلے کیخلاف احتجاج کرنے والے طالب علموں کے ایک گروپ پر فائرنگ کی۔ ایک وڈیو کلپ میں قندھار کی میرویس نائیکی یونیورسٹی کے طلبا کی طرف ہوا میں گولیوں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں، جب وہ لڑکیوں کیخلاف حکام کے فیصلے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے امتحانی ہالوں سے باہر بھاگے تھے۔ افغان اہلکار نے ایک افغان نوجوان کو بھی تشدد سے مارا پیٹا اور اس کے چہرے اور پورے جسم پر لاتیں ماریں۔


